• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 54697

    عنوان: صبح صادق کے معاملے میں ۱۷۰ واکلنڈر کو مانیں یا ۱۸۰ کو ؟ دونوں جماعتوں کے صبح صادق کے درمیان دو تین گھنٹے کا فرق ہوتاہے۔

    سوال: میرا گھر لندن میں ایک ایسی گلی میں ہے کہ دونوں طرف ماشاء اللہ دونوں دیوبندی مسلک کو ماننے والی مسجد ہے، لیکن جب بات رمضان کے چاند یا عید کی ہوتی ہے تو دونوں میں اختلاف ہوجاتاہے، ختم نبوت والی (چھوٹی مسجد) وفاق العلماء کو مانتے ہیں جب کہ پلیشٹ گروپ (بڑی مسجد والے) حزب العلماء کو مانتے ہیں۔ براہ کرم، یہ ارشاد فرمادیجئے کہ ہم دیوبند مسلک کو ماننے والے ایک چاند کے معاملے میں سعودی کومانیں(حزب العلماء ) یا چاند دیکھنے والی کمیٹی کو جو برطانیہ ، ساؤتھ افریقہ ، ماسکو کی بنیاد پہ چاند کا اعلان کرتے ہیں (وفاق العلماء) ۔ (۲) صبح صادق کے معاملے میں ۱۷۰ واکلنڈر کو مانیں یا ۱۸۰ کو ؟ دونوں جماعتوں کے صبح صادق کے درمیان دو تین گھنٹے کا فرق ہوتاہے۔ براہ کرم، جواب دیں کہ ہمارے جیسے بہت لوگوں کی مشکل آسانہ ہوجائے۔ دعاؤں کا طالب ۔

    جواب نمبر: 54697

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1660-1390/B=11/1435-U (۱) حدیث شریف میں آیا ہے صوموا لروٴیتہ ونظروا لروٴیتہ، فإن غم علیکم الہلال فأکملوا ثلاثین․ یعنی روزہ رکھو چاند دیکھ کر اور افطار کرو (عید مناوٴ) چاند دیکھ کر کے۔ اگر کسی وجہ سے چاند نظر نہ آئے نہ ہی کہیں سے شرعی شہادت بطریق موجب آئے تو مہینہ تیس دن کا پورا کرو۔ اگر برطانیہ میں روٴیت ہلال کمیٹی ہے اور وہ خودچاند دیکھ کر چاند کا اعلان کرتی ہے تو اسی کمیٹی کا اعلان مانا جائے گا۔ (۲) اس اختلاف کوختم کرنے کے لیے آسان طریقہ یہ ہے کہ دونوں گروپ کے دو دو چار چار آدمی کھلی فضا میں کسی روز آبادی سے باہر میدان میں اپنی اپنی گھڑی صحیح کرکے چلے جائیں اور صبح صادق کے طلوع ہونے کا مشاہدہ سب لوگ اپنی آنکھوں سے کرلیں اور پھر گھڑی میں دیکھ کر لکھ لیں کہ کَے بجکر کَے منٹ پر صبح صادق ظاہر ہوئی ہے، پھر آکر اپنے اپنے کیلنڈر سے ملائیں جس کیلنڈر میں مشاہدہ کے مطابق وقت ہے وہ کیلنڈر صحیح ہے اسی کے مطابق عمل کریں، مشاہدہ سب سے بڑی یقینی دلیل ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند