• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 40656

    عنوان: بھول كر یا غلطی سے كھا پی لیا تو كیا حكم ہے؟

    سوال: (۱) اگر روزے میں غلطی سے کھا یا پی لیں تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا؟ (۲) روزے کی حالت میں وضو میں یا وضو کے علاوہ غلطی سے کلی میں حلق میں غرارہ کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا اگر روزہ کا یاد نہ ہو؟ (۳) اگر روزہ یاد ہو اور اچانک غلطی سے حلق میں پانی چلاجائے تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ (۴) میں نے غلطی سے ایک دفعہ افطاری کے وقت سے پہلے ہی کھانا شروع کردیا پھر اچانک یاد آیا تو میں نے انتظار کے بعد افطاری کے وقت پر دوبارہ کھانا شروع کیا، کیا میرا روزہ ٹوٹ گیا ؟

    جواب نمبر: 40656

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1664-1288/B=9/1433 (۱) اگر روزے کا خیال نہ رہا اور بھولے سے کچھ کھا پی لیا تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ (۲) غرارہ کرتے وقت اگر غلطی سے حلق کے نیچے ایک دو قطرہ پانی چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا، اس کی قضا کرنی ہوگی، اگر روزہ یاد نہ ہو تو نہیں ٹوٹے گا۔ (۳) جی ہاں روزہ ٹوٹ جائے گا۔ (۴) اگر روزہ یاد نہ رہا اور افطار سے پہلے کھالیا تو روزہ نہیں ٹوٹا۔ ہاں اگر روزہ یاد رہا اور غلطی سے افطار کے وقت کے پہلے ہی افطار کا وقت سمجھ کر پہلے ہی کھانا شروع کردیا تو اس سے روزہ ٹوٹ گیا، اس کی قضا واجب ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند