• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 151980

    عنوان: ڈاکٹر نے روزہ رکھنے سے منع کیا ہے، تو کیا ایسی صورت میں روزہ نہ رکھنے پر وہ شخص گنہگار ہوگا؟

    سوال: اگر کسی کا شوگر لیول ۴۰۰/ یا ۴۵۰/ یا اس سے بھی زیادہ رہتا ہے یا کبھی کم بھی رہتا ہے اور ڈاکٹر نے روزہ رکھنے سے منع کیا ہے، تو کیا ایسی صورت میں روزہ نہ رکھنے پر وہ شخص گنہگار ہوگا؟ اگر نہیں! تو پھر اس کا کفارہ کیا ہوگا؟ یا شرعی اعتبار سے وہ کیا کرے کہ گنہگار نہ ہو؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 151980

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1309-1249/L=10/1438

    اگر شوگر کا لیول زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کے اندر روزہ رکھنے کی ہمت نہ ہو اور روزہ رکھنا اس کے لیے دشوار ہو،دیندار ماہر ڈاکٹر اس کو روزہ رکھنے سے منع کرتا ہو تو اس کے لیے روزہ چھوڑنے کی گنجائش ہوگی اور روزہ چھوڑنے پر وہ گنہگار نہ ہوگا؛البتہ اگر وہ سال کے چھوٹے دنوں میں روزہ رکھ سکتا ہو خواہ متفرقاً ہی سہی تو اس چھوٹے ہوئے روزے کی روزہ رکھ کر قضا کرنا ضروری ہوگا،اور اگر اس کی بھی ہمت نہ ہو اور نہ ہی مستقبل میں اس کی کوئی امید ہو تو اس کے لیے چھوٹے ہوئے روزوں کا فدیہ دینا جائز ہوگا؛لیکن اگر بعد میں روزہ رکھنے کی طاقت ہوجائے تو پھر روزہ رکھنا ضروری ہوگا۔

    نوٹ:ایک روزہ کا فدیہ ایک صدقة الفطریعنی ایک کلو چھ سوتینتیں (۱/کلو۶۳۳گرام) گندم یا اس کی قیمت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند