• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 69494

    عنوان: سجدے میں اردو میں دعا؟ قضا نمازوں کا آسان طریقہ؟

    سوال: میں اگر سجدے میں اردوزبان میں دعا کروں تو کیا میری نماز ہوجائے گی؟مجھے اس بارے میں جانکاری نہیں تھی، میں نے اکثر نمازوں میں سجدے میں دعا کی ہے ، مجھے یاد نہیں ہے کہ میں نے کب سے یہ عمل شروع کیاتھا، ممکن ہے کہ ایک دوس سال سے یا اس سے زیادہ ۔ (۱) تو کیا مجھے ان نمازوں کی قضا کرنی ہوگی؟ اور مجھے کتنی نمازیں قضا کرنی ہوگی؟ (۲) میں نیت کس طرح کروں؟ (۳)کیا میں ایک وقت میں دو تین قضا نمازیں پڑھ سکتاہوں؟ (۴) کیامجھے ترتیب سے قضا نماز پڑھنی پڑے گی جیسے فجر قضا، ظہر قضا، عصر قضا، ،مغرب اور عشاء قضا، یا کسی بھی ترتیب سے پڑھ سکتاہوں؟ (۵) کیا میں قضا نمازیں جلدی سے پڑھنے کے لیے سنت اور مستحبات پڑھ سکتاہوں؟میں ندوہ میں پانچ سالہ عالمیت کا کورس کررہاہوں ، اس لیے میرے پاس وقت بہت کم ہے۔ مجھے کتابوں میں زیادہ وقت لگانا ہے۔ (۶) ان قضا نمازوں کو پڑھنے کا آسان طریقہ کیا ہے؟ (۷) کیا مجھے وتر کی قضا پڑھنی پڑے گی؟ (۸) کیا میں سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ کو چھوڑ کر قضا نماز پڑھ سکتاہوں؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 69494

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1364-1447/H37=01/1438

    (۱) اردو زبان میں دعاء کرنا سجدہٴ نماز میں اگرچہ مکروہ تھا مگر اس کی وجہ سے نماز کے فاسد یا باطل ہونے کا حکم عائد نہ ہوگا ودعا بالعربیة وحرم بغیرہا نہی اھ درمختار وفی شرحہ الفتاویٰ ردالمختار تحت (قولہ وحرم بغیرہا) ․․․․․․وظاہر التعلیل ان الدعاء بغیر العربیة خلاف الاولیٰ وان الکراہیة فیہ تنزیہیة اھ ج: ۱/۳۵۰، (مطبوعہ نعمانیہ) اور جب نماز فاسد نہ ہوئی قضاء کرنے کا بھی حکم نہ ہوگا۔

    (۲تا ۸) کا جواب بھی ہوگیا یعنی کسی بھی طرح کی نماز کے قضاءً پڑھنے کا حکم نہیں جیسا کہ نمبر۸کے تحت عبارت سے معلوم ہوا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند