• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 67384

    عنوان: کیا قرآن کریم کو دیکھ کو قرأت کرکے نماز پڑھانا جائز ہے؟

    سوال: آپ کے جواب سے معلوم ہوا کہ عورتوں کاتراویح کی نمازجماعت سے پڑھنا مکروہ تحریمی ہے جب کہ امام بھی عورت ہو ۔در اصل ، ہم ایک بہن کی مدد کرنا چاہتے ہیں جو اپنے گھر میں عورتوں کی تراویح کی جماعت کا اہتمام کرتی ہے، اور بد قسمتی سے وہ تقلید نہیں کرتی ہے ، اس لئے وہ ان احادیث کو پیش کرتی ہے جن میں ہے کہ ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اور دوسری صحابیات نے مختلف اوقات میں نماز میں عورتوں کی امامت کی ہیں ۔ آپ سے گذارش ہے کہ مکروہ تحریمی ہونے پر دلائل فراہم کریں۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا قرآن کریم کو دیکھ کو قرأت کرکے نماز پڑھانا جائز ہے؟

    جواب نمبر: 67384

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1202-1223/N=11/1437

     (۱) : براہ کرم! سابقہ سوال وجواب منسلک کرکے سوال کریں یا کم از کم اس کا کوڈ نمبر ارسال فرمائیں، اس کے بعد آپ کے اس سوال کا جواب تحریر کیا جائے گا۔
     (۲) : نماز میں قرآن کریم دیکھ کر قراء ت کرنا درست نہیں؛ کیوں کہ جو لوگ نمازمیں دیکھ کر قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں وہ حافظ نہیں ہوتے ، صرف ناظرہ خواں ہوتے ہیں یا انھیں قرآن کریم کچا یاد ہوتا ہے اور سامنے موجود قرآن کریم دیکھ کر تلاوت کرتے ہیں ، پس یہ تلقی من الخارج ہے، اس سے احناف کے نزدیک نماز فاسد ہوجاتی ہے، اور اگر کوئی شخص قرآن کریم دونوں ہاتھ میں لے کر تلاوت کرتا ہے اور نماز ہی کی حالت میں قرآن کریم کے اوراق پلٹتا ہے تو یہ عمل کثیر ہے ، پس فساد نماز کا یہ دوسرا سبب ہے ، الحاصل نماز میں دیکھ کر قرآن کریم پاک کی تلاوت کرنا درست نہیں، اس سے احناف کے نزدیک نماز فاسد ہوجاتی ہے (در مختار وشامی ۲: ۳۸۳، ۳۸۴، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند