• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 67243

    عنوان: اگر اگلی صف خالی ہو اور لوگ پیچھے کی صفوں میں بیٹھنا شروع کردے اور تکبیر کرنے پر بھینہ مانے تو ان کی نماز کا کیا حال ہوگا؟

    سوال: اگر اگلی صف خالی ہو اور لوگ پیچھے کی صفوں میں بیٹھنا شروع کردے اور تکبیر کرنے پر بھینہ مانے تو ان کی نماز کا کیا حال ہوگا؟ اور لوگ نماز سے بہت پہلے یعنی عشاء کی نماز کے لیے مغرب میں ہی اپنی جگہ کے لیے مصلی صفوں پر بچھا کر چلے جاتے ہیں اور عشاء کی نماز سے کچھ منٹ پہلے آتے ہیں تاکہ اس جگہ کو تب تک کوئی نہ لے سکے تو اس پر کیا وعید ہے؟جزاک اللہ

    جواب نمبر: 67243

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 994-979/N=10/1437 (۱): اقامت کے وقت نمازیوں کو چاہئے کہ جلد از جلد اگلی صفوں کی خالی جگہیں پر کریں اور صفیں درست کریں، جو لوگ اقامت کے وقت صفوں میں سست بیٹھے رہتے ہیں اور اگلی صفوں کی خالی جگہیں پر نہیں کرتے ، جس سے اقامت ختم ہونے تک بھی صفیں مکمل اور سیدھی نہیں ہوپاتی ہیں ، ان کا یہ عمل مستحسن نہیں، نیز وہ اگلی صفوں کی فضیلت سے ناواقف معلوم ہوتے ہیں،جب کہ احادیث میں اگلی صفوں کی بڑی فضیلت آئی ہے بالخصوص پہلی صف کی(دیکھئے: مشکوة شریف ص ۹۸، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند)۔ (۲): آدمی مسجد میں آکر صف میں بیٹھ گیا، اس کے بعد کسی اتفاقی ضرورت سے گیا تو اگر رومال وغیرہ رکھ کرچلا جائے اور جلد از جلد ضرورت سے فارغ ہوکر اپنی جگہ آجائے تو اس میں کچھ حرج نہیں، لیکن اگلی صف میں جگہ لینے کے لیے صف میں رومال وغیرہ ڈال کر ایک نماز سے دوسری نماز تک جگہ روکنا تاکہ دوسری نماز کے وقت پہلے آنے والا شخص اس جگہ نہ بیٹھ سکے اور جماعت سے کچھ منٹ پہلے پہنچ کر گھیری ہوئی جگہ پر آکر بیٹھنا مکروہ ہے (در مختار وشامی ۲: ۴۳۶، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند