• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 67194

    عنوان: آپ نے لکھا ہے ”نماز پڑھنا چاہتا ہوں پر پڑھ نہیں پارہا“

    سوال: حوالہ Fatwa ID: 605-602/H=7/1437؛ میرا عقیدہ یہی ہے کہ قرب قیامت عیسی علیہ السلام دوبارہ اس زمین پر تشریف لانے والے ہیں۔ یہ قرآن و حدیث دونوں سے ثابت ہے ۔ سورہ نسا:وما قتلوہ وما صلبوہ بخاری جلد 3 قیامت کی نشانیاں ۔پچھلی بار مجھ سے غلطی ہوگئی تھی اس کے لیے میں اللہ تبارک و تعالی سے معافی مانگتا ہوں اللہ میری معافی کو قبول فرماے ۔آمین۔ قرآن شریف میں نے بچپن میں خیرات مولوی صاحب سے سیکھا ہے ۔کتابیں پڑھ کر تھوڑی سی معلومات حاصل کی ہے ۔فی الوقت میری کچھ بھی مصروفیت نہیں ہے ۔ابھی اپریل میں عمرہ کی سعادت حاصل ہوئی۔ میں روزہ رکھتا ہوں،نماز پڑھنا چاہتا ہوں، پر پڑھ نہیں پارہا۔

    جواب نمبر: 67194

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1008-996/H=10/1437 آپ نے لکھا ہے ”نماز پڑھنا چاہتا ہوں پر پڑھ نہیں پارہا“ انتہائی تعجب کی بات ہے آپ نماز میں غفلت برت رہے ہیں نماز پابندی سے پڑھئے تکبیر اولی سے پڑھنے کا اہتمام کیجئے قرآن کریم کی تلاوت اور درود شریف پڑھتے رہئے جو حقوق ذمہ میں ہیں ان کو اداء کرتے رہئے (الف) جزاء الاعمال (ب) بہشتی زیور (ج) فضائل اعمال (د) فضائل صدقات کو مطالعہ میں رکھئے ان کتابوں کے علاوہ جو کتابیں دیکھنا چاہیں ان کو لکھ کر پہلے یہاں سے معلوم کریں الغرض اپنے اوقات کو کتب معتبرہ کے مطالعہ سننے سنانے اور دینی کاموں میں مشغول کرلیجئے ورنہ نفس و شیطان بیکار باتوں میں پھنسا کر زندگی کو بربادی کے راستہ پر لگا دیتے ہیں۔ جب آپ دلائل پر گہری نظر نہیں رکھتے تو براہ راست قرآن و حدیث سے کسی عقیدہ یا عمل کے سمجھنے اور اختیار کرنے میں سخت غلطی بلکہ گمراہی کا بھی اندیشہ ہوتا ہے اگر آپ اپنے نام کے ساتھ پورا پتہ بھی لکھ دیتے تو مقامی یا قریبی کسی عالم بزرگ کی نشاندہی کردی جاتی تاکہ آپ وقتا فوقتا ان سے استفادہ کرتے رہتے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند