• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 66896

    عنوان: جو شخص حقیقی سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو اور اشارہ سے سجدہ کرے اس سے قیام اور رکوع ساقط ہو جاتا ہے

    سوال: ایک ایسا شخص جو کہ زخم کی وجہ سے فرش پر بیٹھ کر سجدہ نہیں کرسکتا ہے ان کی نماز کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ وہ آسانی سے کھڑا ہوسکتا ہے اور رکوع کرسکتا ہے لیکن سجدہ کے لیے وہ ایک کرسی پر بیٹھتا ہے اور جھکتا ہے۔ اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کی صورت میں وہ کیا کرے؟ وہ کس طرح سے نماز پڑھے، کھڑا ہو اور بیٹھے یا صرف بیٹھے؟ نیز صف کے ساتھ کرسی کیسے رکھیں؟

    جواب نمبر: 66896

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 638-519/D=9/1437 اگر زمین پر بیٹھ کر (خواہ پیر پھیلا کر بیٹھے یا پالتی مار کر ) سجدہ کا اشارہ کر سکتاہو تو وہ اشارہ سے سجدہ کرے، یعنی زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کرے اور سجدہ اشارے سے کرے۔ زمین پر بیٹھ کر سجدہ اشارہ سے کرنا ممکن ہونے کی صورت میں کرسی پر بیٹھ کر سجدہ کا اشارہ کرنا خلاف اولیٰ ہے۔ او ر اگر زمین پر کسی بھی ہیئت پر بیٹھنا ممکن نہ ہو تو ایسی مجبوری میں کرسی پر بیٹھ کر سجدہ اشارہ سے ادا کرسکتا ہے۔ نیز فقہاء نے لکھا ہے کہ جو شخص حقیقی سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو اور اشارہ سے سجدہ کرے اس سے قیام اور رکوع ساقط ہو جاتا ہے، چنانچہ مذکورہ معذور شخص ابتداء ہی سے کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرے اور رکوع سجدہ اشارہ سے ادا کرے، سجدہ کے لیے زیادہ جھکے رکوع کے لیے کم۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند