• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 66545

    عنوان: ہماری رات نہیں ہوتی، اس لیے عشاء کا وقت متعین نہیں ہے، ہم مغرب اور عشاء ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟

    سوال: یہاں انگلینڈ میں کچھ علماء کہتے ہیں کہ ہماری رات نہیں ہوتی، اس لیے عشاء کا وقت متعین نہیں ہے، ہم مغرب اور عشاء ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟ کچھ کہتے ہیں کہ رات ضرور ہوتی ہے، کچھ کہتے ہیں کہ آپ ایک گھنٹہ کے بعد عشاء کی نماز پڑھ سکتے ہیں؟ کچھ کہتے ہیں کہ ایک گھنٹہ تیس منٹ بعد پڑھ سکتے ہیں ۔ کیا آپ اس بارے میں ہماری رہنمائی کرسکتے ہیں؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 66545

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 999-999/M=10/1437

    مغرب کا وقت غروب شمس کے بعد سے شروع ہوکر غروب شفق تک رہتا ہے اور عشاء کا وقت مغرب کا وقت ختم ہونے کے بعد سے شروع ہوتاہے شفق کی تفسیر میں دو قول ہیں: اول یہ کہ اس سے مراد شفق احمر ہے یہ صاحبین کا قول ہے، دوم یہ کہ اس سے مراد شفق ابیض ہے یہ امام صاحب کا قول ہے، بحر میں اسی قول کو ترجیح دی گئی ہے ہمارے دیار میں تو مغرب سے عشاء تک کا فاصلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہوتاہے اور غروب شفق کا وقت بھی زمان و مکان کے اختلاف مختلف ہوتا رہتا ہے اس لیے گھنٹہ اور منٹ سے حتمی تعیین دشوار ہے، انگلینڈ کے حالات و موسمیات سے ہم واقف نہیں اس لیے ہم کوئی حکم لکھنے سے معذرت خواہ ہیں اس بارے میں آپ مقامی اہل حق و اہل بصیرت علماء و ماہرین سے رجوع کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند