• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 63475

    عنوان: نماز باجماعت میں امام کے پیچھے کہاں کھڑا ہونا سب سے زیادہ باعث ثواب ہے

    سوال: نماز باجماعت میں امام کے پیچھے کہاں کھڑا ہونا سب سے زیادہ باعث ثواب ہے اور پھر اس کے بعد کہاں کھڑا ہونا ؟ ترتیب سے بتائیں۔ اگلی صف میں امام کے پیچھے قریب کھڑے ہونے کو دل کرتاہے زیادہ باعث ثعاب کی نیت سے ، لیکن بزرگوں کے خیال ادب سے تھوڑادورکھڑا ہوجاتاہوں ، کیا میرا ایسا کرنا صحیح ہے؟ اور کیا اللہ مجھے پورا ثواب دے گا؟

    جواب نمبر: 63475

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 352-352/M=4/1437-U پہلی صف میں کھڑا ہوکر نماز پڑھنے کا ثواب سب سے زیادہ ہے، حدیث میں ہے کہ ”مردوں کی صفوں میں سب سے بہتر پہلی صف ہے“ ایک روایت میں یہ ہے کہ ”اگر لوگوں کو معلوم ہوجائے کہ اذان دینے اور پہلی صف میں نماز پڑھنے کی کیا فضیلت ہے پھر وہ (اس فضیلت کو حاصل کرنے کا موقع) بجز قرعہ اندازی کے نہ پائیں، تو وہ قرعہ اندازی کرکے اس فضیلت کو حاصل کریں“ نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پہلی صف والوں کے لیے تین مرتبہ استغفار کرتے تھے اور دوسری صف والوں کے لیے ایک مرتبہ“ ان روایات سے معلوم ہوگیا کہ پہلی صف کی فضیلت سب سے زیادہ ہے اور یہ فضیلت پہلی صف میں کہیں بھی کھڑے ہوجانے سے حاصل ہوجائے گی، آپ اگر پہلی صف میں کھڑے ہوکر نماز پڑھتے ہیں تو مذکورہ فضیلت حاصل ہوگی پھر صف جتنی پیچھے ہوتی جائے گی فضیلت گھٹتی جائے گی، قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ”خیر صفوف الرجال أولہا وشرہا آخرہا وخیر صفوف النساء آخرہا وشرہا أولہا“․․․ وقد روي عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم أنہ کان یستغفر للصف الأول ثلاثا وللثاني مرةً․ وقال النبي صلی اللہ علیہ وسلم: لو أن الناس یعلمون ما في النداء والصف الأول ثم لم یجدوا إلا أن یستہموا علیہ لاستہموا علیہ“ (ترمذی شریف باب ما جاء في فضل الصف الأول)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند