عبادات >> صلاة (نماز)
سوال نمبر: 62335
جواب نمبر: 62335
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 56-13/D=2/1437-U نماز پڑھنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ مصلی باوضو قبلہ رخ ہوکر مکمل خشوع اور خضوع کے ساتھ نماز کی نیت کرکے اللہ اکبر کہتا ہوا دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھائے، انگلیاں اوپر کی جانب سیدھی ہوں ہتھیلیاں قبلہ رخ ہوں، پھر دونوں ہاتھ ناف کے نیچے اس طرح رکھے کہ دائیں ہاتھ کے انگوٹھے اور چھوٹی انگلی سے بائیں ہاتھ کی کلائی پکڑلیں اور تین انگلیاں کلائی پر سیدھی رکہیں، پھر ثناء پڑھ کر تعوذ وتسمیہ پڑھے اس کے بعد سورہٴ فاتحہ پڑھ کر مستحب قراء ت کرے یا کم ازکم چھوٹی تین آیتوں کے بقدر پڑھے، اگر مقتدی ہو، تو ثناء پڑھ کر خاموش کھڑا رہے، نماز سری ہو یا جہری ہو، پھر امام کے ”ولا الضالین“ کہنے کے بعد سب مقتدی آہستہ سے آمین کہیں۔ پھر اللہ اکبر کہتا ہوا رکوع میں جائے، رکوع میں کمر اور سر ایک سطح میں رہیں، سر نہ بہت نیچے کو جھکائے اور نہ بہت اوپر کو اٹھائے، اور ہاتھ کی انگلیاں کھول کر گھٹنے کو اچھی طرح پکڑلے، نظریں دونوں قدم پر رکھے اور کم ازکم تین مرتبہ ”سبحان ربی العظیم“ پڑھے، اس کے بعد ”سمع اللہ لمن حمدہ“ کہتے ہوئے سیدھا کھڑا ہوجائے،پھر ”ربنا لک الحمد“ کہے اگر مقتدی ہے، تو صرف ”ربنا لک الحمد“ کہے اور قومہ کی حالت میں اپنے ہاتھوں کو چھڑے رکھے اور اتنی دیر کھڑا رہے کہ تمام اعضاء اپنی جگہ پر ساکن ہوجائیں۔ اس کے بعد تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں جائے، سجدہ میں جانے کا مسنون طریقہ مرد کے لیے یہ ہے کہ اولاً گھٹنے زمین پر رکھے پھر ہاتھوں کو پھر چہرہ کو دونوں کے بیچ اس طرح رکھے کہ انگوٹھے کان کی لو کے برابر رہیں اور انگلیاں قبلہ رخ رہیں، سجدہ میں ناک اور پیشانی دونوں رکھے، نیز رانوں کو پیٹ سے نہ ملائے، کہنیاں زمین پر نہ رکھے، پھر کم از کم تین مرتبہ سبحان ربی الاعلی کہے اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے سجدہ سے سر اٹھائے، پہلے پیشانی اٹھائے پھر نا ک پھر ہاتھ، اگر مرد ہو تو دایاں قدم کھڑا کرکے بایاں قدم بچھاکر اس پر بیٹھ جائے اور کم ازکم ایک مرتبہ ”سبحان اللہ“ کہنے کے بقدر بیٹھے، پھر اللہ اکبر کہہ کر پہلے سجدہ کی طرح دوسرا سجدہ کرے اس کے بعد اللہ اکبر کہتے ہوئے سجدہ سے سر ا ٹھائے، اٹھتے وقت پہلے پیشانی اٹھائے پھر ہاتھ پھر گھٹنے، اور پنجوں کے بَل سیدھا کھڑا ہوجائے اور بلاعذر زمین سے ہاتھوں کا سہارا لے کر نہ کھڑا ہو، اس کے بعد بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور سورت پڑھے، پہلی رکعت کی طرح دوسری رکعت پوری کرلے، دوسری رکعت پوری کرکے اس طرح بیٹھے جیسے دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھنے کا طریقہ بیان کیا گیا، پھر التحیات پڑھے اور جب کلمہٴ تشہد پر پہنچے، تو دائیں ہاتھ کا حلقہ بناکر ”لا الٰہ“ پر شہادت کی انگلی اٹھائے اور ”الا اللہ“ پر گرادے پھر درود شریف اور دعائے ماثورہ ”اللّٰہُمَّ اِنِيْ ظَلَمْتُ نَفْسِيْ الخ“ یا اور کوئی دعا پڑھے جو قرآن یا احادیث میں وارد ہو اس کے بعد اولا دائیں طرف سلام پھیرے اور نظریں کاندھے پر رکھے، نماز میں شریک فرشتے انسان وجنات سب کو سلام کی نیت کرے، اسی طرح بائیں طرف سلام پھیرتے ہوئے ان سب کی نیت کرے، اگر تنہا ہو تو صرف محافظ فرشتوں کو سلام کی نیت کرے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند