• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 618

    عنوان: نماز جمعہ کی نیت کیا کرتے ہیں؟  جمعہ کی نماز کی کل کتنی رکعتیں ہیں؟

    سوال:

    نماز جمعہ کی نیت کیا کرتے ہیں؟

    جمعہ کی نماز کی کل کتنی رکعتیں ہیں؟

    نماز جمعہ کے دو فرض کے علاوہ رکعتوں میں کیا نیت کریں گے؟

    کیا ان میں جمعہ کی جگہ ظہر کی نیت کریں گے؟

    والسلام

    جواب نمبر: 618

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 228/ل=228/ل)

     

    (1) نیت زبان سے کرنا ضروری نہیں، اگر کوئی شخص دل میں جمعہ پڑھنے کا ارادہ کرلے تب بھی نماز ہوجائے گی لیکن اگر کوئی زبان سے کرنا چاہے تو اس طرح کہے *میں جمعہ کی دو رکعت فرض کی نیت کرتا ہوں واسطے اللہ تعالی کے پیچھے اس امام کے رخ میرا کعبہ شریف کی طرف اللہ اکبر* .

    (2) جمعہ کی نماز سے پہلے چار رکعت سنت مؤکدہ ہیں اور جمعہ کی نماز کے بعد چار رکعت سنت مؤکدہ اور بعض کے نزدیک اس کے بعد بھی دو رکعت سنت مؤکدہ ہیں اس طرح کل بارہ رکعتیں ہو گئیں۔ وسن مؤکدا․․․ أربع قبل الجمعة و أربع بعدها (الدرالمختار مع الشامی: 2/451، ط زکریا دیوبند) اور دوسری جگہ ہے۔ و یستن بعدھا أربعا أو ستا علی الخلاف أي أربعا عندہ وستا عندھما (الدرالمختار مع الشامی: 2/436، ط زکریا دیوبند)

    (3) سنتوں میں مطلق سنت کی نیت کرنی چاہئے ظہر یا جمعہ کی نیت کرنے کی ضرورت نہیں، وکفی مطلق نیة الصلاة لنفل و سنة (تنویر الابصار مع الشامی: 2/94، ط زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند