• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 61263

    عنوان: فجر/طلوع آفتاب کے بعد کتنی نفل نمازیں ہیں؟ نیز ان کے نام اور ان کی کتنی رکعات ہیں؟

    سوال: فجر/طلوع آفتاب کے بعد کتنی نفل نمازیں ہیں؟ نیز ان کے نام اور ان کی کتنی رکعات ہیں؟ مسجد میں میں نے امام صاحب سے سنا کہ طلوع آفتاب کے بعد صرف ایک ہی نفل نماز ہے۔ جب کہ میں نے لوگوں کو طلوع آفتاب کے پندرہ بیس منٹ بعد اشراق /شروق پڑھتے ہوئے دیکھا ہے پھر دو گھنٹے کے بعد وہ چار رکعات چاشت /اوابین پڑھتے ہیں۔ براہ کرم، حوالے کے ساتھ بتائیں کہ فجر کے بعد ہمیں کتنی نفل نمازیں پڑھنی ہیں ؟ ان کے نام اور تعداد رکعات بھی بتائیں۔

    جواب نمبر: 61263

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1099-1091/N=1/1437-U اس مسئلہ میں اختلاف ہے، بعض حضرات فرماتے ہیں کہ طلوع آفتاب کے بعد صرف ایک نماز ہے، اور بعض حضرات فرماتے ہیں کہ دو نمازیں ہیں؛ ایک نماز اشراق، اور دوسرے نماز چاشت۔ اور احادیث سے دوسرے قول کی بھی تائید ہوتی ہے۔ نماز اشراق کی کم از کم دو رکعتیں ہیں اور زیادہ سے زیادہ چار، اور نماز چاشت کی کم از کم دو رکعتیں ہیں اور زیادہ سے زیادہ بارہ (تفصیل کے لیے دیکھیں: اعلاء السنن ۷: ۲۹- ۳۶، مطبوعہ: ادارة القرآن والعلوم الاسلامیہ کراچی)، پس اس مسئلہ میں نزاع کی ضرورت نہیں ہے اور جو لوگ نماز اشراق اور نماز چاشت دو الگ اگ نمازیں مانتے ہیں اور دونوں پڑھتے ہیں، وہ غلطی پر نہیں ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند