• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 612043

    عنوان:

    اگر مجمع زیادہ ہو امام كی آواز نہ پہنچتی ہو تو كیا كریں

    سوال:

    سوال : 1.جمعہ کی نماز میں امام صاحب کے قرأت کی آواز اخیر کے صفوں میں نہیں پہنچتی ہے حالانکہ ایک دو مکبر طے کر لیا جاتا ہے جس سے تکبیر کا پتا چل سکے کیا اس صورت میں اخیر صف والوں کی نماز ہو گی یا نہیں؟

    2.عیدین کی نماز میں بھی یھی صورت حال رہتی ہے تو کیا نماز ہو گی؟

    جواب نمبر: 612043

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1228-1016/B=11/1443

     اگر جمعہ اور عیدین كی نماز میں مجمع زیادہ ہوتا ہے اور ایك دو مكبر سے كام نہیں چلتا تو دو چار مكبر كا اضافہ امام كو اور كردینا چاہئے تاكہ پیچھے كی صف والوں كی نماز صحیح ہوجائے‏، اگر امام اور مكبر كی آواز ہلكی آنے كے باوجود پیچھے كے مقتدیوں نے ركوع اور سجدہ امام كے ساتھ ساتھ صحیح طور پر كرلیا تو پیچھے والوں كی نماز بھی صحیح ہوگئی۔ آجكل كے زمانہ میں مائك اور دو چار ہارن لگالیں ساری پریشانی دور ہوجائے گی۔ اب تو تمام علماء نے ضرورت كے وقت نماز میں لاؤڈاسپیكر لگانے كے جواز كا فتویٰ دے دیا ہے اور اس پہ عمل بھی ہورہا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند