عبادات >> صلاة (نماز)
سوال نمبر: 610217
سوال : کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام کی دورانِ نماز میں اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا خیال آ جائے تو کیا نماز فاسد ہو جاتی ہے؟
جواب نمبر: 610217
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 1032-258T/H=07/1443
حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم كا نام نامی اسم گرامی دوران نماز بار بار آتا ہے تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم كا خیال مبارك نماز میں كیوں نہ آئے گا ایسے خیال سے تو نماز اعلیٰ درجہ كی ہوجاتی ہے نہ كہ فاسد ہوگی البتہ صرف ہمت كو محققین علماء تصوف نماز میں منع فرماتے ہیں صرف ہمت ایك مخصوص علاج ہے وساوس كا۔ اُس (صرف ہمت) كا بعض لوگوں نے دانستہ یا نادانستہ ترجمہ خیال كا كردیا ہے جو درست نہیں ہے صرف ہمت صوفیاء كرام كی مخصوص اصطلاح ہے اس كا مخصوص طریقہ ہے الغرض حضرت نبی اكرم صلی اللہ تعالی علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وبارك وسلم كا خیال آنے سے نماز كے فاسد ہونے كا كوئی قائل نہیں۔ شیخ المشائح حضرت مولانا محمد اسماعیل شہید دہلوی رحمہ اللہ تعالی رحمۃ واسعہ نے اپنی كتاب صراطِ مستقیم میں اس پر مفصل بحث فرمائی ہے۔ اور اس كتاب پر بعض كرم فرما لوگوں نے جو اعتراضاتِ بیجا كئے ہیں ان كے بالتفصیل مدلل جوابات (الف) عباراتِ اكابر (ب) فتاویٰ محمودیہ میں موجود ہیں ایك چھوٹی سی كتاب ’’غلط فہمیوں كا ازالہ‘‘ ہے حضرت مولانا الحاج قاری محمد طیب صاحب علیہ الرحمہ كی تصنیف ہے مكتبہ دارالعلوم دیوبند سے شائع ہوئی ہے اس كو منگاكر اطمینان سے بار بار پڑھئے پھر كچھ اشكال رہے تو لكھئے مزید تفصیل ان شاء اللہ اُس وقت لكھ دی جائے گی۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند