عبادات >> صلاة (نماز)
سوال نمبر: 609001
امام پانچویں رکعت کے لیے کھڑا ہوجائے تو مسبوق کیا کرے
سوال : مسبوق نے امام کے ساتھ عصر کی نماز کی ایک رکعت پائی، لیکن غلطی سے امام نے چھ رکعت پڑھالی، اب مسبوق کے لئے کیا حکم ہے ، مطلب یہ کہ مسبوق اپنی نماز کیسے پوری کرے مثلا زید نے امام کو چوتھی رکعت میں پایا امام چوتھی رکعت میں قعدہ کے بعد پانچویں رکعت کے لئے کھڑے ہوگئے تو اب امام کی پانچویں چھٹی رکعت نفل نماز شمار ہوگی ایسی صورت میں زید کے لئے کیا حکم ہے امام کی متابعت کرے یا قعدہ میں بیٹھ کر امام کی واپسی کاانتظار کرے اب اگر امام پانچویں رکعت کا سجدہ کرنے سے پہلے قعدہ کی طرف واپس آگیا تو زید بھی امام کے ساتھ قعدہ میں شریک ہوکرامام کے سلام کے بعد اپنی بقیہ نماز پوری کرے لیکن اگر امام نے پانچویں رکعت کا سجدہ کر لیا تو اب زید کیا کرے امام کے پانچویں رکعت کا سجدہ کرتے ہی زید اپنی نماز پوری کرنے کے لئے کھڑا ہو یا امام کی اتباع کرے یا پھر کیا کرنا چاہئے ؟ یہ حکم واضح فرمائیں۔
جواب نمبر: 609001
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 671-499/D=06/1443
صورت مسئولہ میں جب کہ امام صاحب نے قعدہٴ اخیرہ کے بعد پانچویں رکعت کا سجدہ بھی کرلیا ہے، ایسی صورت میں زید امام کی اتباع نہیں کرے گا، بلکہ اپنی بقیہ نماز پوری کرے گا، اگر اتباع کرلے گا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی؛ کیونکہ قعدہٴ اخیرہ کرلینے کے بعد امام کی نماز مسبوق کے حق میں پوری ہوجاتی ہے؛ اس لیے اس کو تنہا نماز پڑھنی چاہئے، اس کے لیے امام کی اقتداء جائز نہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند