• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 608977

    عنوان:

    مسافر ڈرائیور کے لیے جائے ملازمت کے وطن اقامت ہونے نہ ہونے کا مسئلہ

    سوال:

    سوال : 'زید' 'ماجد' کی فیکٹری کی گاڑی چلاتا ہے، اور 'ماجد' کی فیکٹری "درگاپور" میں ہے، اور 'زید' 'ماجد' کی فیکٹری کی گاڑی لیکر "آسنسول" سے سامان لاد کر"کلکتہ" کے لئے روانہ ہوتا ہے ، اور 'ماجد'کی فیکٹری "آسنسول" اور "کلکتہ" کے درمیان میں آتا ہے، 'زید'جب "ماجد" کی فیکٹری میں گاڑی چلانے کے لئے جاتا ہے تو ۲۰ دن کے لئے جاتا ہے، لیکن 'ماجد'کی فیکٹری میں رہنے کے لئے متعین قیام وطعام نہیں ہے بلکہ فیکٹری میں جانے کے بعد اگر گاڑی تیار رہتی ہے تو کچھ گھنٹوں بعد گاڑی لیکر نکل جاتا ہے اور اگر گاڑی تیار نہیں رہتی تو کبھی کبھی ایک ہفتہ بھی لگ جاتا ہے مگر کوئی زید سے معلوم کرتا ہے کہ آپ کہاں رہتے ہیں ،تو درگاپور کا نام بتاتے ہیں۔ ،اور جب گاڑی لیکر "آسنسول" سے سامان لاد کر "کلکتہ" کا سفر کرتا ہے تو 'ماجد 'کی فیکٹری میں ۲ دن میں واپس آجاتا ہے اور کبھی ایک ہفتہ، دس دن بھی لگ جاتا ہے ، جب 'زید' گاڑی لیکر "کلکتہ" کے لئے روانہ ہوتا ہے تو کبھی کبھی کچھ لمحوں کے لئے 'ماجد'کی فیکٹری میں رکتا ہے، (اگر کوئی کام پیش آجاتا ہے تو) اسلئے کہ 'ماجد'کی فیکٹری "آسنسول" اور "کلکتہ" کے درمیان میں آتا ہے، مذکورہ صورت میں "درگاپور" " دیوبند" کے مانند ہے ، "آسنسول" سہارنپور" کے مانند ہے، اور "کلکتہ" "دہلی" کی مانند ہے۔ مسافت- بانکوڑا سے درگاپور('ماجد'کی فیکٹری) کی مسافت تقریباً ۳۰ کیلومیٹر درگاپور سے آسنسول ہو کر کلکتہ کی مسافت تقریباً ۲۳۰ کیلومیٹر درگاپور سے کلکتہ کی مسافت ۱۷۰ کیلومیٹر ۔ سوال (۱) مذکورہ صورت میں 'ماجد'کی فیکٹری وطنِ اقامت میں داخل ہے یا نہیں ؟ اگر وطنِ اقامت میں داخل ہے تو جب "آسنسول" سے "کلکتہ" روانہ ہوتے وقت جب کچھ لمحوں کے لئے 'ماجد' کی فیکٹری میں رکتا ہے تو کیا اس سے وطنِ اقامت ٹوٹ جائیگا؟

    سوال (۲) اگر 'ماجد 'کی فیکٹری وطنِ اقامت میں داخل نہیں ہے تو مذکورہ صورت میں قصر کے جتنے مسائل نکلیں گے وضاحت فرما کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 608977

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:376-292/H-Mulhaqa=6/1443

     (۱ - ۳): زید اپنے وطن سے ماجد کی فیکٹری (درگا پور) جو ۲۰/ دن کے لیے جاتا ہے، وہ گاڑی چلانے کے لیے جاتا ہے، فیکٹری میں رہ کر کسی کام کے لیے نہیں جاتا ؛ لہٰذا زید درگا پور پہنچ کر اگر مسلسل پندرہ دن قیام کی نیت نہیں کرتا ہے(جیسا کہ عام طور پر یہی ہوتا ہے) تو وہ اس کا وطن اقامت نہیں ہوگا، اور اگر کبھی اتفاقی طور پر درگا پور میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کا نظام طے ہوگیا اور اس نے پندرہ دن یا اس سے زیادہ قیام کی نیت کرلی تو اس موقعہ پر درگا پور وطن اقامتہوجائے گا، اور دونوں صورتوں میں آپ کے ذہن میں قصر واتمام سے متعلق جو ممکنہ سوالات ہوں، اُنھیںآ پ خود تحریر فرماکر سوال کریں، نیز آیندہ یہ بھی واضح کریں کہ زید کا وطن اصلی ، جہاں سے وہ درگا پور ملازمت کے لیے جاتا ہے، درگا پور سے کتنے کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند