• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 608357

    عنوان: مقتدی کا صف سے تنہا  ہوکر نماز پڑھنا

    سوال:

    سوال : جماعت کی نماز میں صف بندی کا کیا حکم ہے ؟ کیا کوئی شخص علیحدہ صف میں جس میں کوئی شخص نہ نماز پڑھ سکتا ہے اگر مسجد میں چار صف کی جگہ ہو اور فقط دو صف پوری ہوں مقتدی سے اور کوئی شخص بلا وجہ چوتھی صف میں جماعت کی نماز ادا کرے تو کیا حکم ہے ؟ برائے مہربانی ارسال کریں۔

    جواب نمبر: 608357

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 547-119T/M=06/1443

     جماعت کی نماز میں صف بندی کی بڑی اہمیت ہے۔ احادیث میں صفوں کو سیدھی کرنے، صفوں کو پُر کرنے اور صفوں میں خالی جگہ نہ چھوڑنے کی تاکید آئی ہے، اگر مسجد میں چار صف کی جگہ ہے اور پہلی دو صف مکمل ہوگئی ہے تو بعد میں آنے والوں کو تیسری صف میں کھڑا ہونا چاہئے، تیسری صف کو پُر کیے بغیر چوتھی صف میں لگنا خلاف سنت طریقہ ہے اور صف کے پیچھے کوئی شخص تنہا نہ رہے، رکوع تک کسی کے آنے کا انتظار کرلے اگر کوئی آجائے تو دونوں مل کر صف بناکر کھڑے ہوجائیں اور کوئی نہ آئے یا کسی اور کے آنے کی توقع نہ رہے تو اگلی صف سے کسی نمازی کو کھینچ کر ساتھ کرلے لیکن یہ خیال رہے کہ ایسے شخص کو کھینچے جو مسئلے سے واقف ہو، تاکہ یہ نہ ہو کہ ناواقفیت کی بنا پر وہ اپنی نماز خراب کرلے یا غصے میں لڑائی شروع کردے اگر ایسا کوئی شخص نہ ہوتو بغیر کھینچے تنہا ہی صف کے پیچھے کھڑے ہوکر نماز پڑھ لے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند