• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 60725

    عنوان: كیا سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ کے پڑھنے میں فرق ہے؟

    سوال: (۱) میں فقہی حنفی پر عمل کرتاہوں، اب تک میں فرض نماز کی طریقے سے چار رکعت سنت موٴکدہ ، غیر موٴکدہ اور فرض نماز پڑھتا رہا ہوں۔ ابھی حال ہی میں میں نے آن لائن پڑھا کہ چار رکعت سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ کے پڑھنے میں فرق ہے۔ (۲) کیا آپ چار رکعت فرض نماز، سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ پڑھنے کے طریقے کی وضاحت کرسکتے ہیں؟اگر کچھ فرق ہے تو بتائیں۔ (۳) اب تک چونکہ میں نے چار کعت فرض نماز کے طریقے پر ساری نمازیں پڑھی ہیں تو کیامیری سابقہ سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ نمازیں درست نہیں ہوئیں؟اور اس مین میرا نقصان ہوا؟

    جواب نمبر: 60725

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1280-1274/H=12/1436-E (۱) ہاں فرق ہے۔ (۲) فرض میںآ خری دو رکعت میں صرف سورہٴ فاتحہ پڑھی جاتی ہے جب کہ سنت خواہ موٴکدہ ہوں یا غیر موٴکدہ دونوں میں چاروں رکعات میں سورہٴ فاتحہ کے بعد کوئی سورت یا آیات پڑھنا ہوتا ہے، نیز سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ میں یہ فرق ہے کہ سنت موٴکدہ میں دوسری رکعت کے قعدہ میں بعد تشہد درود شریف اور تیسری رکعات کے شروع میں ثناء نہیں پڑھی جاتی اور غیرموٴکدہ سنت اور نوافل میں بعد تشہد کے درود شریف اور تیسری رکعت کے شروع میں ثنا کا پڑھنا مستحب ہے۔ (۳) آپ نے سنت موٴکدہ اور غیرموٴکدہ چار رکعت فرض نماز کے طریقہ پر کس طرح پڑھی ہیں؟ اس کو صاف وواضح انداز پر لکھ کر معلوم کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند