عبادات >> صلاة (نماز)
سوال نمبر: 605660
ایک ہی سورت کو نماز میں دوبارہ پڑھنا کیسا ہے ؟
سوال : ۱) مثلاً پہلی رکعت میں سورة اخلاص پڑھی پھر اسی نماز میں دوسری یا تیسری یا چوتھی رکعت میں پھر سے غفلت میں سورة اخلاص پڑھلی تو کیا پھر سے دوہرانی ہوگی ؟
۲) اگر کوئی عورت جماعت کے ساتھ یا انفرادی نماز میں مرد سے آگے ہوکر نماز پڑھے تو کیا نماز ٹوٹ جائے گی ؟
۳) تبلیغی جماعت میں کہتے ہیں اللہ کے راستے میں تھوڑی دیر کھڑے رہنا کء سال نفل نماز میں کھڑے رہنے سے افضل ہے کیا یہ بات درست ہے؟
جواب نمبر: 605660
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 1217-888/B=01/1443
(۱) فرض نماز میں سورہٴ اخلاص کو دو مرتبہ پڑھ دیا تو یہ خلاف اولیٰ یعنی مکروہ تنزیہی ہے۔ اور نفلی نماز میں کوئی مضائقہ نہیں، نماز کا اعادہ نہ ہوگا۔
(۲) اگر کوئی عورت جماعت کے ساتھ مرد کے آگے کھڑی ہوگئی تو س کے دائیں اور بائیں والے کی نماز اور بالکل پیچھے کھڑے ہونے والے مرد کی نماز احناف کے یہاں نہ ہوگی جبکہ امام نے عورت کی امامت کی نیت کی ہو۔ اور انفرادی طور پر کوئی عورت مرد کے آگے کھڑی ہوجائے تو اس مرد کی نماز صحیح رہے گی، کیونکہ اس صورت میں فساد کے شرائط نہیں پائے گئے۔
(۳) اللہ کے راستہ سے میدان جنگ میں نکلنا مراد ہے، تبلیغی جماعت میں نکلنے کا یہ ثواب ہماری نظر سے نہیں گذرا۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند