• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 604932

    عنوان:

    پیشاب کے قطرات آنے کی وجہ سے ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ پڑھنا

    سوال:

    مجھے پیشاب کے بعد کافی دیر تک قطروں کے رکنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے اس لئے میں اپنے کام کاج کے دوران نماز ظہر ادا نہیں کر سکتا کیونکہ بہت سے اور لوگ بھی ہوتے ہیں جنہوں نے واش روم استعمال کرنا ہوتا ہے اور اتنی دیر انتظار کرواتے ہوئے اچھا نہیں لگتا۔ مجھے پتہ چلا ہے کہ گھر واپس آکر ظہر اور عصر جمع کر کے ادا کر سکتا ہوں۔ کیا رائے ہے آپ کی قرآن و سنت کی روشنی میں؟

    جواب نمبر: 604932

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:820-556/sn=11/1442

     صورت مسئولہ میں آپ کے لئے ظہر کی نماز کو اس کے وقت سے مؤخر کرکے عصر کے وقت دونوں نمازوں کو ایک ساتھ پڑھنا شرعا جائز نہیں ہے، کسی نماز کو دوسری نماز کے وقت ادا کرنا خواہ جمعِ تقدیم کے طور پر ہویا جمع ِتا خیر کے طور پر، شرعا جائز نہیں ہے؛ لہذا آپ اس پریشانی سے بچنے کے لئے کوئی دوسرا حل تلاش کریں،بہتر ہے کہ آپ پیشاب کرنے کا معمول نماز کے وقت نہیں ؛ بلکہ اس سے کچھ پہلے یا بعد میں بنائیں جب لوگوں کی بھیڑ نہ ہو یا کم ہو، اور اُس وقت اچھی طرح استبرا کرکے قطرات نکال دیں ، نماز کے وقت صرف وضو کرکے نماز ادا کرلیں، ایسا کرنے سے لوگوں کو انتظار کی زحمت بھی نہ ہوگی نیز آپ کی نماز بھی وقت پر ہوجائے گی ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند