• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 602912

    عنوان:

    نماز کے چند مسائل 

    سوال:

    سوال : حضرت میرے چند سوال نماز کے دوران کے ہیں، پلیز ان کا جواب دے دیں نوازش ہو گی۔

    (۱) نماز پڑھنے کے دوران (قیام، رکوع، سجدہ اور تشحد) میں آنکھیں بند کر لینا شرعاً کیسا ہے ؟

    (۲) نماز میں فرض والی رکعتوں میں سورتیں کیسے مِلا کے پڑھنی ہوتی ہیں مطلب کس رکعت میں پڑھنی ہیں اور کس میں نہیں پڑھنی؟

    (۳) نماز میں سنتون والی رکعتوں میں کیا ہر رکعت میں اک سورت پڑھی جا سکتی ہے ؟

    (۴) نماز کی جماعت میں امام کے پیچھے سورت فاتحہ پڑھنا چاہیے یا خاموش رہنا چاہیے ؟

    (۵) نماز کی وہ فرض رکعت جس میں سورت نہیں مِلانی ہوتی لیکن غلطی سے سورت فاتحہ کے بعد بندہ بسم اللہ مکمل پڑھ لے اور پھر فوراً یاد آ جائے کہ سورت نہیں مِلانی تو بندہ رکوع میں چلا جائے تو کیا اب سجدہ سہو کیا جائے گا یا نہیں؟

    (۶) آخری رکعت ہو اور التحیات کے بعد درود یا اس کے بعد والی دعا میں کوئی غلطی ہو جائے تو سجدہ سہو کا کیا حکم ہے ؟

    (۷) نماز شروع ہی بندہ تعوذ کے بجائے تسمیہ سے کرے مطلب سبحانك اللہ سے پہلے تعوز نہ پڑھے تو کیا نماز ہو جائے گی؟

    (۸) نماز میں دوسری رکعت تعوذ سے شروع کرنی چاہیے یا تسمیہ سے مطلب سورت فاتحہ سے پہلے ؟

    جواب نمبر: 602912

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 599-423/B=07/1442

     (۱) مکروہ ہے۔

    (۲) اگر فرض نماز چار رکعت یا تین رکعت والی ہے تو پہلی اور دوسری رکعت میں سورہٴ فاتحہ کے بعد سورہ بھی ملائی جائے گی۔ تیسری اور چوتھی رکعت میں سورہ نہیں ملائی جائے گی؛ بلکہ صرف سورہٴ فاتحہ پڑھی جائے گی۔

    (۳) جی ہاں، پڑھ سکتے ہیں۔

    (۴) حنفی مذہب والے کو خاموش رہنا چاہئے۔

    (۵) فرض کی تیسری چوتھی رکعت میں اگر بھولے سے سورہ فاتحہ کے بعد بسم اللہ پڑھ لے یا سورہ بھی ملالے تو سجدہ سہو واجب نہ ہوگا۔

    (۶) سجدہ وغیرہ کچھ بھی واجب نہیں۔

    (۷) جی ہاں، نماز ہوجائے گی۔

    (۸) تسمیہ سے شروع کرنی چاہئے۔

    ------------------------------

    جواب صحیح ہے؛البتہ نمبر: ۷میں مزید یہ عرض ہے کہ نماز کی پہلی رکعت میں تعوذ اور تسمیہ ثنا (سبحانک اللہم الخ) کے بعد پڑھی جاتی ہے۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند