• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 601550

    عنوان:

    قضاء نماز ادا كیے بغیر امامت كرنا؟

    سوال:

    کیا ایک امام کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ ایک نماز قضاء کر کے اگلی نماز کی امامت کرے؟ مثلاً ظہر کی نماز سفر یا کسی مشغولیت کی وجہ سے قضاء ہو گئی تو کیا امام عصر کی نماز کی امامت کر سکتا ہے؟مفصل جواب مرحمت فرمائیں، نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 601550

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 292-228/D=05/1442

     امام صاحب اگر صاحب ترتیب ہیں یعنی ان کے ذمہ پچھلی کوئی نماز باقی نہیں ہے یا اگر باقی ہے تو ا س کی تعداد چھ سے کم ہے تو انھیں پہلے فائتہ نماز ادا کرنا ضروری ہے پھر وقتی نماز پڑھیں۔ اگر فائتہ نماز یاد رہتے ہوئے وقتی نماز ادا کریں گے تو یہ (وقتی نماز) فاسد ہوگی۔ ہاں فائتہ نمازیں چھ ہو جائیں یا فائتہ یاد نہ رہے یا وقتی نماز کے وقت مستحب میں تنگی ہو تو پھر ترتیب لازم نہیں۔

    اور اگر صاحب ترتیب نہیں ہیں تو وقتی نماز پہلے ادا کرسکتے ہیں بعد میں قضا پڑھیں حرج نہیں۔

    قال فی المراقی: الترتیب بین الفائتة القلیلة وہی مادون ست صلوات وبین الوقتیة المتسع وقتہا مع تذکر الفائتة لازم ۔ حاشیہ طحطاوی علی المراقی، ص: 440 ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند