• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 601080

    عنوان:

    نماز میں کل کتنی سنتیں ہیں ؟

    سوال:

    نماز میں کل کتنی سنتیں ہیں؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 601080

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:221-151/sn=4/1442

     نماز میں کل اکیس(21) سنتیں ہیں، تعلیم الاسلام(مؤلفہ حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ صاحب ) سے ان کی تفصیل منسلک ہے ،ملاحظہ فرمالیں ۔

    نماز کی سنتوں کا بیان

    نماز کی سُنّتوں سے کیا مراد ہے ؟

    جواب۔ جو چیزیں نماز میں حضور رسولِ کریم ﷺ سے ثابت ہوئی ہیں لیکن ان کی تاکید فرض اور واجب کے برابر ثابت نہیں ہوئی انہیں سنت کہتے ہیں ۔ ان چیزوں میں سے کوئی چیز اگر بھولے سے چھوٹ جائے تو نہ نماز ٹوٹتی ہے نہ سجدہ سہو واجب ہوتا ہے نہ گناہ ہوتا ہے ۔ اور قصداً چھوڑ دینے سے نماز تو نہیں ٹوٹتی اور نہ سجدہ سہو واجب ہوتا ہے لیکن چھوڑنے والا ملامت کا مستحق ہوتا ہے

    سوال۔ نماز میں کتنی سنتیں ہیں؟

    جواب۔ نماز میں اکیس (۲۱) سنتیں ہیں۔_

    (۱) تکبیر تحریمہ کہنے سے پہلے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھانا۔

    (۲) دونوں ہاتھوں کی انگلیاں اپنے حال پر کھلی اور قبلہ رخ رکھنا۔

    (۳) تکبیر کہتے وقت سر کو نہ جھکانا۔

    (۴) امام کو تکبیر تحریمہ اور ایک رُکن سے دوسرے میں جانے کی تمام تکبیریں بقدر حاجت بلند آواز سے کہنا۔

    (۵) سیدھے ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر ناف کے نیچے باندھنا۔

    (۶) ثنا پڑھنا۔

    (۷) تعوّذ یعنی اَعُوْذُ بِا للّٰہ الخ پڑھنا۔

    (۸) بِسْمِ اللّٰہ الخ پڑھنا۔

    (۹) فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورہٴ فاتحہ پڑھنا۔

    (۱۰)آمین کہنا۔

    (۱۱) ثنا اور تعوّذ اور بسم اللہ اور آمین سب کو آہستہ پڑھنا۔

    (۱۲) سنت کے موافق کوئی قرأت کرنا یعنی جس جس نماز میں جس قدر قرآن مجید پڑھنا سنت ہے اس کے موافق پڑھنا۔

    (۱۳) رکوع اور سجدے میں تین تین بار تسبیح پڑھنا ۔

    (۱۴)رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں برابر رکھنا اور دونوں ہاتھوں کی کھلی انگلیوں سے گھٹنوں کو پکڑ لینا۔

    (۱۵) قومہ میں امام کو سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہ اور مقتدی کو رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ کہنا ۔ اور منفرد کو تسمیع اور تحمید دونوں کہنا۔

    (۱۶) سجدے میں جاتے وقت پہلے دونوں گھٹنے پھر دونوں ہاتھ پھر پیشانی رکھنا۔

    (۱۷) جلسہ اور قعدہ میں بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھنا اور سیدھے پاؤں کو اس طرح کھڑا رکھنا کہ اس کی انگلیوں کے سرے قبلے کی طرف رہیں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھنا۔

    (۱۸) تشہّد میں اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ پر انگلی سے اشارہ کرنا۔

    (۱۹) قعدہ اخیرہ میں تشہّد کے بعد درود شریف پڑھنا۔

    (۲۰) درود کے بعد دعا پڑھنا۔

    (۲۱) پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرنا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند