• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 600004

    عنوان:

    کونسی نماز کس نبی نے سب سے پہلے پڑھی؟

    سوال:

    پانچ نمازوں کی تاریخ : فجر کی نماز سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام نے پڑھی ظہر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے آتش کدہ نمرود سے نکل کر پڑھی عصر حضرت یعقوب علیہ السلام نے شکرانے کے طور پر،مغرب حضرت داؤد نے اور عشاء حضرت یونس علیہ السلام نے مچھلی کے پیٹ سے نکل کر پڑھی تھی۔

    میرا سوال یہ ہے کہ مندرجہ بالا تاریخ درست ہے کہ نہیں رہنمائی فرمائیں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 600004

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 50-1049/H=02/1443

     ”التدوین فی اخبار قزوین“ میں امام رافعی نے اس مضمون کی ایک روایت مرفوعاً نقل کی ہے مگر ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے لسان المیزان (7/269، رقم: 7041، ط: مکتب المطبوعات الاسلامیہ، بحلب) میں اس کو موضوع قرار دیا ہے؛ البتہ اس طرح کی ایک روایت امام طحاوی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب شرح معانی الآثار (رقم الحدیث: 1046، کتاب الصلاة، باب الصلاة الوسطی) میں ذکر کی ہے؛ البتہ اس کا مضمون مذکور فی السوال مضمون سے کچھ مختلف ہے۔ اس روایت کا خلاصہ یہ ہے کہ فجر: سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام نے، ظہر: حضرت ابراہیم علیہ السلام نے، عصر: حضرت عزیر علیہ السلام نے، مغرب: حضرت داوٴد علیہ السلام نے اور عشاء: سب سے پہلے حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند