• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 59585

    عنوان: امام کا سری اور جہری نماز میں قیام کی حالت میں فرق

    سوال: میں امام مسجد ہوں، میرا سوال یہ ہے کہ نماز میں قیام کی حالت میں فرق ہو جاتا ہے ،سری نماز میں بمشکل ایک منٹ کا وقت لگتا ہے جبکہ جہری نماز میں تین منٹ بہی لگ جاتے ہیں،کچھ نمازی حضرات کا خیال ہے کہ میں سری نماز میں ترتیل کے ساتھ قرآن کی تلاوت نہیں کرتا،حالانکہ بلند اور آہستہ آواز کی وجہ سے فرق ہو جاتا ہے ۔ برائے مہربانی قرآن و سنت کے مطابق راہنماء فرمائیں کہ میری نماز درست ہے یا نہیں ۔ الحمدللہ میں نے تجود و قراَت کا مکمل کورس کیا ہوا ہے ۔ جزاکم اللہ

    جواب نمبر: 59585

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 438-438/Sd=8/1436-U قرآ نِ کریم کو تجوید یعنی حروف کے مخارج اور صفات کی رعایت کرتے ہوئے ٹھہر ٹھہر کر پڑھنا فی نفسہ مطلوب ہے، خواہ نماز جہری ہو یا سری، اگر آپ سری نمازوں میں اس طرح تجوید کی رعایت کرتے ہوئے قرآن پاک پڑھتے ہیں تو بعض نمازیوں کے خیال سے پریشان نہ ہوں، یہ بات صحیح ہے کہ آواز کے بلند اور آہستہ ہونے کی وجہ سے وقت میں فرق پڑجاتا ہے۔ تجوید کی رعایت کرتے ہوئے آپ کی پڑھائی ہوئی نمازیں بلاکراہت صحیح ہوجاتی ہیں اگرچہ جہری نمازوں کے مقابلے میں اس میں وقت کم لگے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند