• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 57999

    عنوان: جماعت سے فرض نماز پڑھنا واجب کے قریب ہے، اگر والدین محض گرمی یا سردی کی وجہ سے مسجد جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے منع کریں، تو شرعاً ان کی اطاعت ضروری نہیں ہے

    سوال: اگر والدین مسجد میں نماز پڑھنے سے گرمی یا سردی کی وجہ سے منع کریں تو کیا ہمیں ان کی اطاعت کرنی چاہیے ؟ اگر والدین مسجد کے لئے چندہ جمع کرنے سے منع کرِیں، ہمیں ان کی اطاعت کرنی چاہیے ؟ہمارے محلہ میں ایک نئی مسجد میں تعمیر ہو رہی ہے اس کے لئے ایک جماعت دوسرے شہر چندہ کے لئے جاتی ہے - اس جماعت کے ساتھ شریک ہونے سے میرے والدین منع کرتے ہیں۔جزاک اللہ خیرا

    جواب نمبر: 57999

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 537-537/Sd=10/1436-U (۱) جماعت سے فرض نماز پڑھنا واجب کے قریب ہے، اگر والدین محض گرمی یا سردی کی وجہ سے مسجد جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے منع کریں، تو شرعاً ان کی اطاعت ضروری نہیں ہے، والدین کو محض سردی یا گرمی کی وجہ سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی اطاعت میں مزاحمت نہیں کرنی چاہیے، ہاں اگر سخت گرمی یا مہلک سردی پڑرہی ہو اور مسجد جاکر جماعت سے نماز پڑھنے میں بیمار ہونے کا قوی اندیشہ ہو ت و چونکہ ایسی صورت میں گھر پر نماز پڑھنے کی اجازت ہے؛ اس لیے ایسے وقت اگر والدین منع کریں تو ان کی اطاعت کرنی چاہیے۔ (۲) صورت مسئولہ غالباً والدین مسجد کے لیے چندہ دینے سے منع نہیں کررہے ہیں؛ بلکہ چندہ کے لیے دوسرے شہر کا سفر کرنے سے منع کررہے ہیں، اس میں آپ والدین کی اطاعت ہی کریں۔ واضح رہے کہ والدین کا کسی چیز سے منع کرنا عموماً بہت سی مصلحتوں کی وجہ سے ہوتا ہے، جو بچوں کو جلدی سمجھ میں نہیں آتیں، جب تک والدین کے کسی حکم میں شریعت کے حکم کی صراحتاً نہ پائی جائے، بلاوجہ ان کی بات کو غیر شرعی رخ نہیں دینا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند