• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 56731

    عنوان: میں ایک فوجی ہوں ، اور ہم لوگ دور افتادہ علاقے میں رہتے ہیں جہاں آس پاس کوئی مسجد نہیں ہوتی ہے اور ہم لوگوں کو نماز کے لئے ایک جگہ ملتی ہے اور وہاں کوئی باہر کے امام یا موٴذن نہیں آسکتے ، ایسے میں ہم لوگ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کے لیے ہم میں سے ہی کوئی جو زیاددہ دین کا جانکار ہوتاہے وہ امام بن جاتاہے

    سوال: میں ایک فوجی ہوں ، اور ہم لوگ دور افتادہ علاقے میں رہتے ہیں جہاں آس پاس کوئی مسجد نہیں ہوتی ہے اور ہم لوگوں کو نماز کے لئے ایک جگہ ملتی ہے اور وہاں کوئی باہر کے امام یا موٴذن نہیں آسکتے ، ایسے میں ہم لوگ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کے لیے ہم میں سے ہی کوئی جو زیاددہ دین کا جانکار ہوتاہے وہ امام بن جاتاہے (آج کل ہم لوگوں کو داڑھی رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے)۔ ہم میں سے کسی ایک بھائی نے کہیں سے یہ فتوی سنا کہ امامت کے لیے داڑھی کا ہونا ضرورہے ورنہ ان کے پیچھے نماز نہیں ہوگی؟ آپ سے گذارش ہے کہ ہمیں مسائل کے بارے میں بتائیں۔ ایسے میں ہم لوگ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرسکتے ہیں یا نہیں؟

    جواب نمبر: 56731

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 106-72/Sn=2/1436-U کم ازکم یکمشت ڈاڑھی رکھنا ہرمسلمان پر واجب ہے، حدیث میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ڈاڑھی بڑھانے کی بڑی تاکید کی، جو شخص ڈاڑھی منڈواتا ہے یا یکمشت سے پہلے ہی کٹوادیتا ہے، وہ شرعاً فاسق ہے اس کے پیچھے نماز بہ کراہت ادا ہوتی ہے، آپ حضرات کو چاہیے کہ اپنی ڈاڑھی ضرور بڑھائیں اپنے نبی کی اس سنت کو ہرگز پامال نہ کریں، اگر فوجی حکام کی طرف سے رکاوٹ ہو تو قانون کے دائرے میں رہ کر مناسب کوشش کریں، یا کم ازکم کسی باشرع امام کے بند وبست کے لیے حکام پر زور ڈالیں جو امام آپ حضرات کو پنجوقتہ نماز پڑھادیا کرے؛ تاکہ آپ حضرات کی نمازیں کراہت سے خالی ادا ہوں، تب تک اپنے ہی میں سے کسی کو امام بناکر نماز پڑھ لیں، فریضہ ادا ہوجائے گا، گو کراہت رہے گی۔ أما تقصیر اللحیة بحیث تصیر قصیرةً من القبضة فغیر جائز في المذاہب الأربعة (العرف الشذي: ۴/۱۶۲، باب ما جاء في تقلیم الأظفار، ط، بیروت) وفي رد المحتار: یکرہ إمامة عبد وأعرابي وفاسق (تنویر)․․․ ویکرہ الاقتداء بہم تنزیہا فإن أمکن الصلاة خلف غیرہم فہو أفضل وإلا فالاقتداء أولی من الانفراد الخ (۲/۲۹۸، ط: زکریا)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند