• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 56696

    عنوان: كیا فرض نماز مسجد میں پڑھنا ضروری ہے؟

    سوال: کیا مسجد میں فرض نماز پڑھنا ضروری ہے؟کچھ وجوہات کی وجہ سے میں اپنے گھر کے قریب مسجد میں نماز پڑھنا نہیں چاہتاہوں اور میں اپنے گھر ہی میں نماز پڑھتاہوں۔ کیا یہ شریعت کی رو سے جائز ہے یا نہیں؟براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 56696

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 150-150/M=2/1436-U ہرمسلمان پر لازم ہے کہ وہ مسجد میں جاکر فرض نماز باجماعت ادا کرنے کا اہتمام کرے؛ کیوں کہ مسجد کی جماعت شریعت میں مطلوب ہے، بغیر کسی عذر شرعی کے فرض نماز گھر میں تنہا پڑھنے پر حدیث میں بہت سخت وعید آئی ہے۔ ایک حدیث میں ہے: ”حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ میرا دل چاہتا ہے کہ چند نوجوانوں سے کہوں کہ وہ بہت سا ایندھن اکٹھا کرکے لائیں، پھر میں ان لوگوں کے پاس جاوٴں جو بلاعذر کے گھروں میں نماز پڑھ لیتے ہیں اورجاکر ان کے گھروں کو جاکر جلادوں“ ”عن أبی ہریرة قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لقد ہممت أن آمر فتیتي فیجمعوا لي حزماً من حطب ثم آتي قوما یصلون فی بیوتہم لیست بہم علة فأحرقہا علیہم“ (أبوداوٴد: ۱/۸۰، ط: اشرفی دیوبند) گھر میں نماز پڑھنا اگر کسی عذر کی بنا پر ہو مثلاً (سخت بیماری ہو، ہاتھ پیر کٹے ہوں یا فالج زدہ ہوں یا بڑھاپے کی وجہ سے چلنے پھرنے سے عاجز ہو وغیرہ) تو پھر گھر میں نماز پڑھنے کی شریعت کی طرف سے گنجائش ہے، لیکن سوال مذکور میں وجوہات واضح نہیں ہیں اس لیے آپ کے لیے گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق جواز وعدم جواز کا قطعی حکم لگانا دشوار ہے۔ ===================== جواب درست ہے، اگر امام کے عقائد کفریہ وشرکیہ نہ ہوں تو بہرصورت اسی کی اقتداء میں نماز پڑھنی چاہیے، حدیث شریف میں ہرفاجر وفاسق کی اقتداء میں نماز پڑھنے کا حکم مذکور ہے، نیز فاسق یا بدعتی کی اقتداء میں نماز پڑھنے سے جماعت کا ثواب مل جاتا ہے جو تنہا پڑھنے کی صورت میں حاصل نہیں ہوتا۔ (ل)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند