• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 53528

    عنوان: جوتے پہن كر نماز جنازہ پڑھنا

    سوال: ہمارے یہاں مولوی صاحب نے جنازہ پہ مسئلہ بیان کیا ہے کہ نماز جنازہ پڑھتے وقت جوتے اتار کر پاؤں جوتوں کے اوپر رکھنے سے بہتر ہے کہ جوتے پہن کے نماز جنازہ ادا کرلی جائے کیوں کہ جوتوں کے اوپر والے حصہ پہ نجاست لگی ہونے کا خدشہ ہے جب کہ جوتوں کے اندر نجاست نہیں ہوسکتی۔ آپ اس کی وضاحت فرمادیں ۔

    جواب نمبر: 53528

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1057-1057/M=9/1435-U مولوی صاحب مذکور نے صرف جوتے کے اندر اور اوپرو الے حصے کا خیال کرکے مسئلہ بتایا اور اس پہلو سے غور نہیں فرمایا کہ جوتے کا نچلا حصہ جو ”شول“ کہلاتا ہے جو زمین سے لگتا رہتا ہے وہ اگر نجس ہو تو جوتا پہن کر نماز جنازہ پڑھنا درست نہیں ہوتا اور اوپری حصے کے بمقابل نچلے حصے کے نجس ہونے کا امکان غالب ہے اس لیے اگر نیچے کے حصے میں گندگی ہو تو پیر نکال کر جوتے کے اوپر رکھ کر نماز پڑھ لے بشرطیکہ اوپری حصہ بھی پاک ہو اور اگر اوپری حصہ بھی ناپاک ہے تو جوتا پہن کر نماز پڑھنا درست نہیں، جوتا پیر سے نکال کر الگ کردے اور پاک جگہ میں کھڑے ہوکر نماز پڑھے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند