• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 52754

    عنوان: میں پابندی سے نماز نہیں پڑھتا، کبھی ارادہ کرتاہوں ، لیکن چھوڑ دیتاہوں ۔ نماز کی پابندی کے لیے کوئی طریقہ بتائیں۔

    سوال: (۱) میں پابندی سے نماز نہیں پڑھتا، کبھی ارادہ کرتاہوں ، لیکن چھوڑ دیتاہوں ۔ نماز کی پابندی کے لیے کوئی طریقہ بتائیں۔ (۲) مجھے اکثر یہ خیال آتاہے کہ میں نماز کسی کو دکھانے کے لیے پڑھ رہا ہوں اور لوگوں میں اچھا بننے کے لیے۔ اس لیے میں لوگوں کے پیچھے پابندی سے نماز نہیں پڑھتا، تو کیا اس خیال سے بچنے کے لیے نماز کو قضا کیا جاسکتاہے؟

    جواب نمبر: 52754

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 830-81/N=7/1435-U (۱) نماز باجماعت چھوٹنے یا قضا ہونے کے اسباب سے بچنے کی کوشش کریں، اور اسکے باوجود جو نمازیں جماعت سے چھوٹ جائیں یا قضا ہوجائیں وقت میں یا وقت کے بعد انھیں ضرور پڑھ لیں اور جماعت چھوٹنے پر یا قضا ہونے پر خوب استغفار کریں، ان شاء اللہ فکر وکوشش کے بعد آپ نماز کے پابند ہوجائیں گے اور اگر آپ کسی متبع شریعت وسنت اور صاحب نسبت بزرگ سے اصلاحی تعلق قائم کرلیں اور گاہے گاہے ان کی خدمت میں جاکر استفادہ کرتے رہیں تو ان شاء اللہ آپ کوعملی قوت حاصل ہوگی یا اس میں مضبوطی آئے گی اور نماز کی پابندی آسان ہوجائے گی۔ (۲) جی نہیں، یہ شیطانی خیال ہے اورحضرت مولانا تھانوی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ لوگوں کے دکھاوے سے بچنے کے لیے کوئی عمل چھوڑنا یہ بھی ریا کا ایک حصہ ہے، لہٰذا اس شیطانی خیال کی وجہ سے جماعت چھوڑنا یا نماز قضا کرنا جائز نہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند