• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 49795

    عنوان: نمازکے وقت رکوع میں جاتے ہوئے کچھ قطرے نکل جاتے ہیں، ان وجہوں سے میری نماز چھوٹ جاتی ہے

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ میں شوگر کا مریض ہوں اور اس وجہ سے میرے مثانے کمزور ہیں اور جب میں پیشاب کرتاہوں تو کچھ قطرے رہ جاتے ہیں، جب میں کھڑا ہوتا ہوں تو چند قطرے میرے ٹانگوں پر اور کپڑوں پر گرتے ہیں چاہے جتنی دیر بھی میں بیٹھا رہوں ، اور کبھی تو نمازکے وقت رکوع میں جاتے ہوئے کچھ قطرے نکل جاتے ہیں، ان وجہوں سے میری نماز چھوٹ جاتی ہے ، میں بہت پریشان ہوں ، لہذا ، اس سلسلے میں جواب درکار ہے، میں آفس میں یا باہر ہوتاہوں تو اس وجہ سے نماز نہیں پڑھ پاتا۔ شکریہ۔

    جواب نمبر: 49795

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 170-126/L=2/1435-U مذکورہ بالا بیماری کی وجہ سے آپ نماز پڑھنا ترک نہ کریں، نماز کو چھوڑدینا یا اس کے وقت سے موٴخر کردینا سخت گناہ ہے، اگر کبھی قطرے نکل جائیں تو عضو کو دھولیں اور بدن یا کپڑے کے جس حصہ پر پیشاب لگا ہو اس کو دھوکر پاک صاف کرلیں، اگر رکوع میں یہ صورت پیش آجائے تو نماز توڑکر پہلے بدن یا کپڑے کو جہاں ناپاکی لگی ہوئی ہے پاک کرلیں، پھر نماز ادا کرلیں، اس عذر کی وجہ سے نماز ترک نہ کریں۔ ================== جواب درست ہے، پیشاب سے فارغ ہونے کے بعد کچھ دور چل کر یا کچھ دیر لیٹ کر ٹیشو پیپر سے پیشاب سکھالیا کریں اور حاجت محسوس ہو تو دوبارہ پیشاب کے لیے چلے جایا کریں۔ (۲) نماز سے کچھ وقت پہلے پیشاب سے فارغ ہولیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند