• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 49562

    عنوان: كیا بخاری میں بیس رکعات تراویح کی کوئی حدیث ہے تو سند کے ساتھ جواب دیجئے ۔

    سوال: كیا بخاری میں بیس رکعات تراویح کی کوئی حدیث ہے تو سند کے ساتھ جواب دیجئے ۔

    جواب نمبر: 49562

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 32-34/N=1/1435-U بخاری شریف میں نہ بیس رکعت تراویح کی روایت ہے اور نہ آٹھ رکعت تراویح کی، بلکہ آٹھ رکعات تراویح کی روایت پورے ذخیرہٴ حدیث میں کہیں نہیں ہے، اور غیرمقلدین اپنے زعم میں آٹھ رکعت تراویح کے متعلق جو روایت پیش کرتے ہیں اس میں نماز تہجد کا ذکر ہے نہ کہ نماز تراویح کا کیونکہ غیر رمضان میں تراویح کی نماز نہیں ہے جب کہ اس حدیث میں نماز وتر کو ملاکر گیارہ رکعت تراویح کے متعلق بخاری ومسلم کے علاوہ دیگر کتب احادیث میں متعدد روایات آئی ہیں۔ علماء نے مختلف کتب ورسائل میں وہ روایات تمام فنی ابحاث کے ساتھ جمع کردی ہیں۔ ان میں سے چند کتب ورسائل یہ ہیں: الرأي النجیح في عدد رکعات التراویح (اردو) موٴلفہ: حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی نور اللہ مرقدہ، مصابیح التراویح (فارسی) موٴلفہ: حضرت مولانا محمد قاسم صاحب نانوتوی رحمہ اللہ، رکعات التراویح (اردو) موٴلفہ: حضرت مولانا حبیب الرحمن صاحب اعظمی رحمہ اللہ، تحقیق التراویح (اردو مطبوعہ پاکستان) موٴلفہ: شیخ مقری رعایت اللہ صاحب، تصحیح حدیث صلاة التراویح عشرین رکعة والرد علی الألباني في تضعیفہ (عربی) موٴلفہ: شیخ اسماعیل بن محمد انصاری، الہدي النبوي الصحیح في صلاة التراویح (عربی) موٴلفہ: شیخ محمد علی صابوني، فتاوی رحیمیہ (قدیم ۱:۲۸۲- ۳۴۳)، امداد الاحکام (۱/۵۴۴- ۵۶۱) اور اعلاء السنن (۷:۶۱- ۷۷)۔ اور یہ بات واضح رہے کہ جو حدیث بخاری شریف میں نہ ہو اسے موضوع یا ضعیف سمجھنا اور اس پر عمل نہ کرنا اگرچہ وہ محدثین کے اصول کے مطابق صحیح ہو حد درجہ جہالت وغباوت اور ضلالت ہے کیونکہ خود امام بخاری رحمہ اللہ نے اس بات کی صراحت فرمائی ہے کہ میں نے جو صحیح حدیثیں اپنی اس کتاب (صحیح البخاری) میں ذکر نہیں کی ہیں وہ ان سے زیادہ ہیں جو میں نے ذکر کی ہیں کذا فی شروط الائمہ الخمسة للحازمی (ص ۶۳ مع شروط الائمة الخمسة مطبوعہ دار الکتب العلمیہ، بیروت) اور اہل علم حضرات یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند