• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 46805

    عنوان: کام کی جگہ سے گھر تک تقریباً۷۰ کلومیٹر سفر کرتاہوں ، دمام شہر کے حدود سے یہ ۶۰ کلو میٹر کی مسافت ہوتی ہے ۔ سوال یہ ہے کہ میں مقیم ہوں گا یا مسافر ؟اگر میں تنہا نماز پڑھوں تو قصر پڑھوں یا اتمام کروں

    سوال: میں دمام، سعودی عرب ، میں رہتاہوں اور اپنے کام کی جگہ سے گھر تک تقریباً۷۰ کلومیٹر سفر کرتاہوں ، دمام شہر کے حدود سے یہ ۶۰ کلو میٹر کی مسافت ہوتی ہے ۔ سوال یہ ہے کہ میں مقیم ہوں گا یا مسافر ؟اگر میں تنہا نماز پڑھوں تو قصر پڑھوں یا اتمام کروں؟ میری جانکاری کے مطابق صرف فرض نماز کی قصر ہے اور ہمیں تمام سنتیں پڑھنی ہیں۔ براہ کرم، مشورہ دیں۔ (۲) کار چلاتے ہوئے اگر میں قرآن آڈیوسنو اور اس میں سجدہ تلاوت ہو تو کیا کرنا چاہئے ؟ کیا گھر پہنچ کر مجھے سجدہ کرنا چاہئے؟ (۳) یہاں سعودی میں جب ہم لوگ پڑھ نماز پڑھتے ہیں حتی کہ اگرمیں مسجد میں سنت پڑھ رہا ہوتاہوں تو کچھ نماز شامل ہوجاتے ہیں تو کیا اس کی فرض نماز ہوجاتی ہے؟ جب کہ امام سنت /نفل نماز پڑھتاہے؟

    جواب نمبر: 46805

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1172-411/L=10/1434 (۱) مسافر ہونے کے لیے کم ازکم 77.25 (سوا ستتر) کلومیٹر کے سفر کے ارادہ سے نکلنا ضروری ہے، اگر آپ اس سے کم مسافت کے ارادہ سے نکلتے ہیں تو آپ مسافر نہیں کہلائیں گے؛ بلکہ مقیم ہی رہیں گے اور نماز پوری پڑھیں گے۔ (۲) قرآن آڈیو سننے کی صورت میں اگر سجدہٴ تلاوت کی آیت سنی جائے تو سجدہ تلاوت کا حکم نہیں ہے، احتیاطاً کرلینا بہتر ہے۔ (۳) حنفی مسلک میں نفل پڑھنے والے کی اقتداء میں فرض پڑھنے والے کی نماز درست نہیں، دوسرے ائمہ کے یہاں اس کی اجازت ہے، غالبا وہ حضرات اپنے امام کے مسلک پر عمل کرتے ہوئے ایسا کرتے ہوں گے، حنفی کے لیے ایسا کرنا جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند