• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 41434

    عنوان: سابق امام زیادہ مستحق ہیں

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ میرے گاؤں میں پچھلے کئی سال سے گاؤں کے ہی ایک حافظ امامت کر رہے ہیں اب گاؤں کے کچھ آدمی انکے خلاف ہیں ان پر جوالزام ہے وہ یہ ہے وہ اکثر فجر کی نمازمیں ناغہ رہتے ہیں دوسرا انکو امامت کرتے ہوئے آٹھ دس سال ہوگیا اب دوسرے کو موقع ملنا چاہیے وہ مغرور ہے، گاؤں والوں کی اتباع نہ کرتے ہیں، گاؤں میں اب ان سے اچھا حافظ موجود ہے وغیرہ وغیرہ ۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ گاؤں دو گٹ میں بٹ گیا ہے اور ہر ایک اپنے کو حق پر سمجھ رہا ہے۔ اب آپ سے گذارش ہے کہ رہنمائی فر مائیں کہ شریعت کا تقاضا کیا ہے۔ میرا مقصد کسی کی طرف داری نہیں ہے بلکہ صرف مقصد یہ ہے کہ آپ کا جواب انکے لئے ذریعے ہدایت بنے جو حق سے بھٹکے ہوئے ہیں۔ مزید دعاکی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے گاؤں کے اختلافات کو دور کردے۔

    جواب نمبر: 41434

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1683-402/B=10/1433 جب مذکورہ امام دس برس سے امامت کرتے چلے آرہے ہیں تو اپنے قدیم ہونے کی وجہ سے امامت کے وہی زیادہ حق دار ہیں، دس سال کے بعد میں ان کے اندر کیڑے نکالنا کہ وہ فجر کی نماز میں ناغہ کرتے ہیں، یا مغرور ہیں، انہیں دس سال ہوگئے ہیں اب کسی دوسرے کو امامت کا موقعہ ملنا چاہیے یہ سب غیر شرعی وجہ ہے، جو قابل توجہ نہیں ہے۔ اس لیے امامت کا حق ان ہی کا ہوتا ہے، قدیم امام سے اختلاف کرنا بلاکسی شرعی اہم وجہ کے مناسب نہیں۔ اور بلا کسی شرعی وجہ کے انھیں امامت سے ہٹانا درست نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند