• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 40415

    عنوان: جماعت پوری نہ ملے تو چھوٹی ہوئی ركعتیں پڑھنے كا طریقہ

    سوال: میرا سوال یہ ھے کہ اگر امام ۴ رکعت کی نماز پڑھا رہا ہے اور مقتدی تیسری رکعت میں شامل ھوا تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد اب مقتدی اپنی باقی ۲ رکعت کس طرح پوری کریگا ؟اور اگر ۳ رکعت ھوگئی ھو تووہ ۳رکعت کس طرح پوری کرے گا؟ یہی سوال میرا مغرب کی نماز کے بارے میں بھی ہے کہ کے اگرمقتدی مغرب کی نما ز میں تیسری رکعت میں شامل ھوا تو باقی ۲ رکعت کس ترتیب سے پوری کرے گا؟ مہربانی کر کے تفصیل سے جواب دیجیے گا اللہ تعالی اپ لوگوں کو جزائے خیر دے۔

    جواب نمبر: 40415

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1387-1027/D=9/1433 امام کے سلام پھیرنے کے بعد یہ شخص کھڑا ہوکر اپنی دو رکعت پوری کرے، اس طرح کہ دونوں رکعتوں میں سورہٴ فاتحہ کے ساتھ دوسری سورت بھی پڑھے اور باقی نماز حسب معمول پوری کرے۔ اگر تین رکعتیں چھوٹی ہیں تو بقیہ نماز کی پہلی رکعت میں سورہٴ فاتحہ اور مزید سورت پڑھ کر رکوع سجدہ کرکے قعدہ کرے، التحیات پڑھ کر کھڑا ہوجائے دوسری رکعت میں فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر رکوع سجدہ کرے۔ پھر تیسری رکعت میں صرف سورہٴ فاتحہ پڑھے اور بقیہ نماز حسب معمول پوری کرے۔ مغرب کی نماز میں جب کہ تیسری رکعت امام کے ساتھ مل گئی ہو امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑا ہوکر سورہٴ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر بیٹھ جائے التحیات پڑھ کر کھڑا ہوجائے اور سورہٴ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ کر حسب معمول اپنی نماز پوری کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند