• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 39635

    عنوان: امام صاحب کی اصلاح کیسے کریں

    سوال: ہماری مسجد کے امام صاحب کا معاملہ یہ ہے کہ وہ اکثر نمازیوں سے بدتمیزی کرتے ہیں کئی، مرتبہ انہیں سمجھایا ہے لیکن وہ باز نہیں آتے اور بعض اوقات مستحبات پر اتنی سختی کرتے ہیں لیکن بدعات پر خاموش رہتے ہیں، مثال کے طور پر ہماری مسجد میں مغرب کی نماز کے بعد تین منٹ کا وقفہ ہوتا تھا، لیکن امام صاحب اس پر تو بہت سختی کرتے ہیں لیکن اسی مسجد میں امام صاحب کی آنکھوں کے سامنے چالیسویں ہوتے ہیں تو امام صاحب نہیں بولتے، اس سلسلے میں ہم امام صاحب کوکیسے سمجھائیں۔

    جواب نمبر: 39635

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1061-1061/M=7/1433 برتقدیر صحت شکایت مذکورہ امام صاحب کو ایک مرتبہ پھر تنہائی میں حکمت ونرمی سے سمجھائیں، مقامی کوئی بڑے عالم یا مفتی صاحب ہوں جو بااثر ہوں ان سے کہیں کہ وہ امام صاحب کو ذرا مناسب انداز میں مسائل سے صحیح واقفیت کرادیں، نمازیوں کے ساتھ بدتمیزی یقینا غیر مناسب اور ناشائستہ عمل ہے لیکن واضح رہے کہ بدعات پر نکیر کرنا اگر شدید فتنہ کا باعث ہو تو اس پر خاموشی اختیار کرنا مذموم نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند