• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 39523

    عنوان: بیٹھ كر نماز پڑھانے والی كی اقتداء؟

    سوال: اگر امام بیٹھ کرنماز پڑھائے تو مقتدی بیٹھ کریاکھڑے ہو کر نماز پڑھیں گے ؟ شاید مسلم شریف یا ترمذی شریف میں ذکر بیٹھ کر نماز کا ہے، لیکن کوئی بتارہا تھا کہ یہ حکم بعد میں منسوخ ہو گیا تھا۔

    جواب نمبر: 39523

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 438-467/N=7/1433 اگر امام قیام پر قادر نہ ہونے کی وجہ سے بیٹھ کر نماز پڑھائے تو جو مقتدی قیام پر قادر ہوں وہ کھڑے ہوکر ہی نماز ادا کریں گے، بیٹھ کر ان کی نماز جائز نہ ہوگی۔ (ترمذی شریف: ۱/۸۳ اور شرح نووی بر مسلم: ۱/۱۷۷) اور آپ نے مسلم شریف (کتاب الصلاة، باب ائتمام الماموم بالإمام: ۱/۱۷۶، ۱۷۷) اور ترمذی شریف (ابواب الصلاة، باب ما جاء إذا صلی الإمام قاعدا فصلوا قعودا أجمعون: ۱/۸۳) کی جن احادیث کا حوالہ دیا ہے وہ حضرات احناف اور شوافع وغیرہ کے نزدیک معمول بہ نہیں ہیں؛ بلکہ منسوخ ہیں۔ (حاشیہ ترمذی: ۱/۸۳) اس لیے آپ کو جس نے یہ احادیث منسوخ بتائی ہیں، اس کی بات درست ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند