• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 38903

    عنوان: نماز كے لیے كونسا وقت افضل ہے؟

    سوال: نماز کو اول وقت میں پڑھنے کی تاکید ہے تو کیوں ہماری تمام ہی مساجد میں تقریبا انتہائی آخری وقت میں نمازیں ادا کی جاتی ہیں؟ خاص طور سے فجر میں اور عصر ؟

    جواب نمبر: 38903

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 999-824/B=6/1433 ہرنماز کو اول وقت میں پڑھنے کی کسی صحیح حدیث میں تاکید نہیں آئی ہے۔ البتہ بعض ضعیف حدیث میں افضلیت کا ذکر ملتا ہے، البتہ گرمی کے موسم میں ظہر کی نماز دیر کرکے پڑھنے کی صحیح حدیث میں تاکید آئی ہے، اسی طرح فجر کی نماز بھی تاخیر سے یعنی اسفار میں پڑھنے کا حکم ملتا ہے، اس میں اجر وثواب کی زیادتی بتائی گئی ہے۔ عشاء کی نماز کی تہائی رات تک موخر کرکے پڑھنے کو افضل بتایا گیا ہے۔ مغرب کی نماز ہرموسم میں اول وقت میں پڑھنا افضل ہے۔ فجر کی نماز تاخیر کرکے اسفار میں پڑھنا ہمیشہ افضل ہے، گرمی میں ظہر کی نماز دیر کرکے پڑھنا افضل ہے۔ جمعہ کی نماز ہمیشہ اول وقت میں پڑھنا افضل ہے، سردی کے موسم میں ظہر کو اول وقت میں پڑھنا افضل ہے۔ عصر کی نماز دو مثل پر اول وقت پڑھنا ہمیشہ افضل ہے۔ محنت مزدوری کرنے والوں کے لیے عشاء کی نماز اول وقت میں پڑھنا افضل ہے۔ فقہاء نے اسی طرح پر افضلیت لکھی ہے، حضرت امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک ہرنماز اول وقت میں پڑھنا افضل ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند