• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 38168

    عنوان: مردوں اور خواتین کی نماز کا اور کس حدیث سے خواتین کی نماز کا فرق معلوم ہوتا ہے

    سوال: مجھے خواتین کی نماز کے بارے میں پوچھنا ہے ۔ کیا فرق ہے مردوں اور خواتین کی نماز کا اور کس حدیث سے خواتین کی نماز کا فرق معلوم ہوتا ہے اور کس حدیث کی کتاب میں خواتین کی نماز کا حوالہ ہے؟میں آسٹریامیں رہتی ہوں۔ یہاں خواتین کی نماز میں بارے بہت اشکالات ہیں۔ مہربانی جواب مطلوب ہے۔

    جواب نمبر: 38168

    بسم الله الرحمن الرحيم

    عورتوں کی نماز کا طریقہ بعض امور میں مردوں سے مختلف ہے، خواتین تکبیر تحریمہ کے وقت ہاتھ مونڈھے تک اٹھائیں ”عن عبد ربہ بن سلیمان بن عمیر قال: رأیت أم الدرداء ترفع یدیہا في الصلاة حذو منکبیہا“ (مصنف ابن ابی شیبہ: ۱/۲۳۹) اسی طرح خواتین کے لیے حکم یہ ہے کہ سجدہ کے وقت اپنے پیٹ کو رانوں سے چپکائیں، یعنی خوب سمٹکر سجدہ کریں، مردوں کی طرح دوری نہ رکھیں ”عن إبراہیم قال: إذا سجدت المرأة فلتزق بطنہا بفخذیہا ولا ترفع عجزتہا ولا تجافي کما یُجافی الرجل“ (حوالہ سابق: ۱/۳۰۳) شامی وغیرہ کتب فتاویٰ میں بھی عورتوں کی نماز کا فرق مفصل مذکور ہے، اردو میں ”نماز احناف“ کتاب ہے، اس کا مطالعہ کیجیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند