• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 37782

    عنوان: نماز میں ٹخنو سے شلوار اوپر کرنے کا بیان

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ کیا کوئی حدیث موجود ہے جس میں نماز میں کپڑا موڑنے سے منع کیا گیا ہو؟ میں پینٹ پہنتا ہوں اور نماز پڑھتے وقت ٹخنو سے پینٹ اوپر موڑ لیتا ہوں۔ میرے دوست نے مجھے یوں نماز پڑھتے وقت پینٹ اوپر موڑتے دیکھا تو کہا حدیث میں ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے اور کہا کہ کپڑا موڑ کر نماز نہیں ہوتی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ بہتر ہے کہ پینٹ کو ٹخنو سے نیچے لٹکنے دے کہ یہ طریقہ اوپر کرنے سے بہتر ہے؟ کیاایسی حدیث موجود ہے اور کیا پینٹ اوپر کرنے سے بہتر ہوگا کہ میں پینٹ نیچے ہی رکھا کروں؟ اور اگر یہ حدیث موجود ہے تو رہنمائی کیجئے کہ میں کیا کروں پینٹ میں نماز پڑھتے وقت ؟

    جواب نمبر: 37782

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 627-627/M=4/1433 اس بارے میں حدیث کا مطالبہ اپنے دوست ہی سے کیجیے جس نے یہ کہا کہ کپڑا موڑکر نماز نہیں ہوئی، اور جس نے یہ کہا کہ پینٹ کو ٹخنوں سے نیچے لٹکتے چھوڑدینا اوپر کرنے سے بہتر ہے، آپ کے دوست کے پاس کون سی حدیث ہے؟ حدیث میں تو لنگی، پاجامہ یا پینٹ کو ٹخنوں سے نیچے پہننے پر سخت وعید آئی ہے خواہ نماز میں ہو یا نماز کے باہر بلکہ نماز کی حالت میں اس کا ارتکاب اور بھی سخت ہے، اور کپڑے موڑکر ٹخنے سے اوپر کرکے نماز پڑھنے میں اگرچہ کراہت پائی جاتی ہے لیکن ٹخنے سے نیچے چھوڑدینے کے مقابلے میں بہرحال اَہون ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند