• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 35097

    عنوان: سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ میں کیا فرق ہے؟اور پڑھنے کا کیا طریقہ ہے؟

    سوال: سنت موٴکدہ اور غیر موٴکدہ میں کیا فرق ہے؟اور پڑھنے کا کیا طریقہ ہے؟

    جواب نمبر: 35097

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 1697=1166-11/1432 سنت موٴکدہ: وہ ہے جس کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے ہمیشہ کیا ہو یا کرنے کی تاکید کی ہو اور بلاعذر کبھی ترک نہ کیا ہو، اس کا حکم بھی عملاً واجب کی طرح ہے، یعنی بلاعذر اس کا تارک گنہ گار اور ترک کا عادی فاسق ہے، ایسا شخص شفاعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محروم رہے گا۔ سنت غیرموٴکدہ: سنت غیرموٴکدہ وہ ہے جس کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اور صحابہ نے اکثر مرتبہ کیا ہو، مگر کبھی کبھار بلاعذر ترک کیا ہو، اس کے کرنے میں بڑا ثواب ہے اور ترک کرنے میں گناہ ہیں، اس کو سنت زوائد اور سنت عادیہ بھی کہتے ہیں۔ سنت موٴکدہ اور غیرموٴکدہ نماز کے پڑھنے میں کوئی فرق نہیں ہے جو طریقہ سنت موٴکدہ بلکہ فرض کی ادائیگی کا ہے بعینہ وہی طریقہ سنت غیرموٴکدہ اور نوافل کی ادائیگی کا بھی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند