• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 35010

    عنوان: كپڑوں پر جاندار كی تصویر ہو تو نماز پڑھنے كا حكم؟

    سوال: اگر کسی شخص کے کپڑے میں کسی جاندار کی تصویر ہو تو اس کی نماز ہی نہیں ہوگی یا مکروہ تنزیہی تحریمی ہوگی؟ نیز جو اس کے پیچھے نماز پڑھ رہا ہے کیا اس کی بھی نماز نہیں ہوگی؟ اور نماز لوٹانی ہوگی؟ (۲) قعدہ اولی اور آخیرہ میں التحیات پڑھنا واجب ہے یا نہیں؟ اگر کسی کو یاد نہ تو کیا پڑھے یا کیا کرے؟ (۳) اگر تشہد میں بھولے سے سورة فاتحہ پڑھ لے پھر یاد آنے پر التحیات پڑھے تو کیا سجدہ سہو کرنا پڑے گا؟ اسی طرح اگر کوئی قیام میں بھولے سے التحیات پڑھ لے پھر یا د آنے پر الحمد پڑھے تو کیا سجدہ سہو کرے یاکیا حکم ہے؟

    جواب نمبر: 35010

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 2394=1390-12/1432 (۱) امام اور مقتدی دونوں کی نماز مکروہ تحریمی ہوگی جس کا اعادہ ضروری ہے۔ (۲) قعدہٴ اولیٰ واخیرہ دونوں میں تشہد پڑھنا واجب ہے اور اگر کسی کو یاد نہ ہو تو وہ ”قل ہو اللہ احد“ پڑھ لے یا تسبیح پڑھ لے۔ (۳) اگر تشہد میں پہلے سورہٴ فاتحہ پڑھی پھر التحیات پڑھی تو اس پر سجدہٴ سہو لازم ہے اور اگر قیام میں پہلے التحیات پڑھی پھر یاد آنے پر الحمد پڑھی تو اس پر سجدہٴ سہو لازم نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند