عنوان: نماز میں دونوں سجدے کرنا فرض ہے یا واجب ؟
سوال: (۱) نماز میں دونوں سجدے کرنا فرض ہے یا واجب ؟اگر نماز پڑھتے ہوئے ایک سجدہ کیا اور دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہوگیا تو کیا حکم ہے؟ اسی طرح اگر تین سجدے کرلیا ، اس کے بعد دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہوگیا تو کیا حکم ہے؟واضح ہو کہ یہ صورت نسیاناً ہو یا عمداً دونوں صورتوں کے بارے میں جواب عنایت کریں۔
(۲) مانا کہ ظہر کی نماز کا وقت 12:30 / سے 4:30/ تک ہے اور اذان کا وقت 1:30/ پہ ہے ۔ اب اگر ایک بندہ مسجد میں 1:15/ پر آتاہے اور ظہر کی سنت کی نیت باندھ لیتا ہے تو یہ ٹھیک ہے یا نہیں؟اذان سے پہلے سنت یا فرض پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟عنایت فرما کر جواب دیں۔
جواب نمبر: 3500701-Sep-2020 : تاریخ اشاعت
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی(ھ): 2395=1388-12/1432
(۱) نماز میں دونوں سجدے فرض ہیں۔
(۲) اگر ایک سجدہ کیا اور سہواً ایک سجدہ چھوڑدیا تو جب یاد آجائے تو فوراً دوسرا سجدہ کرلے، پھر آخر میں سجدہٴ سہو کرلے۔
(۳) اگر تین سجدے کرلیے تب بھی سجدہٴ سہو سے نماز ہوجائے گی بشرطیکہ سہوا کیا ہو اور اگر عمداً کیا تو نماز واجب الاعادہ ہے۔
(۴) جب نماز کا وقت شروع ہوجائے تو اذان سے پہلے سنتیں ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں، البتہ اذان سے پہلے فرض پڑھنا یہ خلاف سنت ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند