• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 33975

    عنوان: نماز میں كرسی كا استعمال

    سوال: کچھ لوگوں کی ایک بڑی تعداد کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھتی ہے، اور روز بروز یہ تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ ہماری جامع مسجد کے ٹرسٹیوں سے کہا جاتاہے کہ اضافی کرسیاں فراہم کی جائے تا کہ جو کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا چاہئے پڑھ سکے۔ سوال یہ ہے کہ کیا کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا درست ہے ؟اگر اس کی اجازت ہے تو اس سہولت کو استعمال کرنے کی اجازت کس کو ہے؟ماہ صیام قریب ہے، متولیان اس صورت حال سے فکر مند ہیں اور اس بارے میں قرآن وحدیث کی روشنی میں آپ کی رہنمائی چاہتے ہیں۔

    جواب نمبر: 33975

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ب): 1572=317-10/1432 جو لوگ قیام پر قادر نہ ہوں لیکن کسی بھی ہیئت پر زمین پر بیٹھ کر رکوع وسجدہ کے ساتھ نماز ادا کرسکتے ہیں تو ان کو زمین پر ہی بیٹھ کر رکوع اور سجدہ کے ساتھ نماز پڑھنا ضروری ہے، کرسی پر بیٹھ کر رکوع اور سجدہ کے اشارے سے نماز پڑھنا جائز نہیں۔ نماز نہیں ہوگی۔ اگر قیام پڑ قدرت ہے لیکن گھٹنے، کمر میں شدید تکلیف کی وجہ سے سجدہ کرنا طاقت سے باہر ہو یا وہ شخص خود زمین پر بیٹھنے میں قادر ہے، مگر رکوع وسجدہ پر قدرت نہیں رکھتا تو وہ زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کرے کرسی کا استعمال کرنا مکروہ ہے۔ ہاں ایسا معذور کہ زمین پر کسی بھی ہیئت پر نہیں بیٹھ سکتا تو اس کے لیے کرسی پر نماز پڑھنے کی اجازت ہے، کرسی پر نماز پڑھنے کا فیشن نہ اختیار کرنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند