• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 32055

    عنوان: کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا

    سوال: کیا کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا صحیح ہے؟ اس طرح نماز پڑھنا کب کب جائز ہے؟ کیا اس طرح نماز پڑھنے والا شخص جماعت میں شریک ہوسکتا ہے؟

    جواب نمبر: 32055

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 859=538-6/1432 (۱) جوشخص قیام پر قادر نہیں لیکن کسی بھی ہیئت مثلاً: تشہد، تورک (عورت کا تشہد میں بیٹھنے کا طریقہ) آلتی پالتی مارکر رکوع وسجدہ کے ساتھ نماز ادا کرسکتا ہے تو اس کو زمین پر بیٹھ کر رکوع وسجدہ کے ساتھ نماز ادا کرنا ضروری ہے، کرسی پر بیٹھ کر رکوع وسجدے کے اشارے سے نماز ادا کرنا جائز نہیں، نماز نہیں ہوگی، اگر قیام پر قدرت ہے لیکن گھٹنے کمر میں شدید تکلیف کی وجہ سے سجدہ کرنا طاقت سے باہر ہو یا وہ شخص جو زمین پر بیٹھنے میں قادر رہے، مگر رکوع وسجدہ پر قدرت نہیں رکھتا تو یہ حضرات زمین پر بیٹھ کر اشارہ سے نماز ادا کریں، کرسیوں کا استعمال کراہت سے خالی نہیں، البتہ اگر زمین پر کسی بھی ہیئت میں بیٹھنا متعذر ہو تب کرسی پر نماز ادا کی جاسکتی ہے۔ (۲) جی ہاں! ایسا شخص جماعت میں شامل ہوسکتا ہے، البتہ تسویة السفوف اور خالی جگہ پر کرنے کا حکم ہرایک کو ہے، خواہ وہ کھڑا ہوکر نماز ادا کررہا ہو یا زمین پر بیٹھ کر یا کرسی پر ؟ لقول النبي علیہ السلام: تراصوا صفوفکم إلخ (نسائي’) اگرکرسی پر نماز ادا کرنے والے کو یہ امید ہو کہ جماعت شروع ہونے سے قبل صف پر ہوجائے گی تو اس کے لیے بہتر یہ ہے کہ کنارے نماز ادا کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند