• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 19649

    عنوان:

    نماز کا پورا طریقہ لکھئے۔

    سوال:

    نماز کا پورا طریقہ لکھئے۔

    جواب نمبر: 19649

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 245=46-3/1431

     

    سب سے پہلے نماز کی نیت کرکے اللہ اکبر کہے اوراللہ اکبر کہتیوقت اپنے دونوں ہاتھ کندھے تک اٹھائے لیکن ہاتھوں کو دوپٹہ سے باہر نہ نکالے، پھر سینے پر ہاتھ باندھ لے اور داہنے ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رکھ دے اور یہ دعا پڑھے: سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالیٰ جَدُّکَ وَلاَ اِلٰہَ غَیْرُکَ پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھ کر الحمد پڑھے اور وَلاَ الضَّآلّین ے کے بعد آمین کہے، پھر بسم اللہ پڑھ کر کوئی سورت پڑھے پھر اللہ اکبر کہہ کے رکوع میں جائے اور سُبْحَانَ رَبِّ الْعظِیْم تین مرتبہ یا پانچ مرتبہ یا سات مرتبہ کہے اور رکوع میں دونوں ہاتھ کی انگلیاں ملاکر گھٹنوں پر رکھ دے اور دونوں بازو پہلو سے خوب ملائے رہے اور دونوں پیر کے ٹخنے بالکل ملادیوے پھر سمع اللہ لمن حمدہ، ربنا لک الحمد کہتی ہوئی سر کو اٹھائے، جب خوب سیدھی کھڑی ہوجائے تو پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی سجدے میں جائے۔ زمین پر پہلے گھٹنے رکھے، پھر کانوں کے برابر ہاتھ رکھے اورانگلیاں خوب ملالیوے، پھر دونوں ہاتھوں کے بیچ میں ماتھا رکھے اور سجدے کے وقت ماتھا اور ناک دونوں زمین پر رکھ دے اور ہاتھ اور پاوٴں کی انگلیاں قبلہ کی طرف رکھے مگر پاوٴں کھڑے نہ کرے بلکہ داہنی طرف کو نکال دے اورخوب سمٹ کر اور دب کر سجدہ کرے کہ پیٹ دونوں رانوں سے اور بانہیں دونوں پہلو سے ملادیوے اور دنوں بانہیں زمین پر رکھ دے اور سجدہ میں کم سے کم تین دفعہ سبحان ربی الاعلی کہے پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی اٹھے اور خوب اچھی طرح بیٹھ جاوے، تب دوسرا سجدہ اللہ اکبر کہہ کر کرے اور کم سے کم تین دفعہ سبحان ربی الاعلی کہے پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی اٹھے اور زمین پر ہاتھ ٹیک کر کے نہ اٹھے پھر بسم اللہ اکہہ کر الحمد اور سوة پڑھ کے دوسری رکعت اسی طرح پوری کرے، جب دوسرا سجدہ کرچکے تو بائیں چوتڑ پر بیٹھے اور اپنے دونوں پاوٴں داہنی طرف نکال دیوے اور دونوں ہاتھ اپنی رانوں پر رکھ لے اور انگلیاں خوب ملاکر رکھے پھر التحیات پڑھے اورجب کلمہ پر پہنچے تو بیچ کی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ بناکر لا اِلٰہ کہنے کے وقت انگلی اٹھاوے اور اِلاّ اللہ کہنے کے وقت جھکادے، مگر عقد وحلقہ کی ہیئت کو آخر نماز تک باقی رکھے، اگر چار رکعت پڑھنا ہو تو اس سے زیادہ اور کچھ نہ پڑھے بلکہ فوراً اللہ اکبر کہہ کے اٹھ کھڑی ہو اوردو رکعتیں اور پڑھ لے اور فرض نماز میں پچھلی دو رکعتوں میں الحمد کے ساتھ اور کوئی سورت نہ ملاوے جب چوتھی رکعت پر بیٹھے تو پھر التحیات پڑھ کے درود شریف پڑھے، پھر یہ دعا پڑھے: رَبَّنَا آَتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الآخِرَةِ حَسَنَةً وَّقِنَا عَذَابِ النَّارِ یا کوئی اورمنقول دعا پڑھے پھر اپنے داہنی طرف سلام پھیرے اور کہے: السلام علیکم ورحمة اللہ پھر یہی کہہ کر بائیں طرف سلام پھیرے اور سلام پھیرے اور سلام کرتے وقت فرشتوں پر سلام کرنے کی نیت کرے، یہ نماز پڑھنے کا طریقہ ہے۔ نماز سے متعلق مسائل کے لیے آپ بہشتی زیور منگواکر رکھ لیں حسب ضرورت اس میں مسائل دیکھ لیا کریں، مزید کوئی ضرورت یا اشکال باقی رہ جائے تو یہاں سوال بھیج کر معلوم کرلیں۔

    نوٹ: آپ (مستفتیہ) کے نام کی رعایت کرتے ہوئے عورت کی نماز کا طریقہ لکھا گیا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند