• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 18980

    عنوان:

    مسجد میں دوسری جماعت کرنے کا حکم

    سوال:

    مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کی جاتی ہے مگر اکثر مسجد وار جماعت (تبلیغی جماعت) کے ساتھی باجماعت نماز چھوٹ جانے پر مسجد کے صحن میں جماعت بناکر نماز ادا کرتے ہیں۔ ذمہ دار مسجد انھیں روکتے نہیں۔ مگر اب تو ساتھیوں نے معمول بنالیا ہے مسجد کی جماعت چھوڑ دیتے ہیں اور اپنی جماعت بناکر نماز ادا کرتے ہیں۔ اندیشہ ہے کہ کوئی فتنہ نہ کھڑا ہو۔ کیا مسجد میں جماعت کے بعد بھی علیحدہ جماعت بناکر نماز ادا کرنا صحیح ہے؟ اگر نہیں ہے تو انھیں کیسے روکیں گے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں رہبری فرمائیں۔

    جواب نمبر: 18980

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 123=115-2/1431

     

    جس مسجد میں پنج وقتہ نماز اپنے مقررہ اوقات پر ادا کی جاتی ہو اور امام وموٴذن متعین ہوں اس میں جماعت ثانیہ (دوسری جماعت کرنا) مکروہ ہے، صحن مسجد سے اگر مسجد کا برآمدہ مراد ہے، تو اس کا حکم بھی مسجد ہی کا ہے اور اس میں بھی جماعت ثانیہ مکروہ ہے، آپ جماعت کے ساتھیوں سے اصل مسئلہ بتاکر حکمت سے ان کو جماعت ثانیہ سے منع کردیں، ان شاء اللہ وہ باز آجائیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند