عبادات >> صلاة (نماز)
سوال نمبر: 18484
نبی
کریم صلی اللہ علیہ وسلم پانچ وقت فرض نماز میں کون سی سورتیں پڑھاکرتے تھے؟ (۲)صحاح ستہ کے چھ محدثین
کے نام ان کی کتب کے ساتھ بتادیں؟
نبی
کریم صلی اللہ علیہ وسلم پانچ وقت فرض نماز میں کون سی سورتیں پڑھاکرتے تھے؟ (۲)صحاح ستہ کے چھ محدثین
کے نام ان کی کتب کے ساتھ بتادیں؟
جواب نمبر: 18484
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی(د): 31=31-1/1431
۱- نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پانچ وقت فرض نمازوں میں مندرجہ ذیل سورتوں کا پڑھنا منقول ہے، فجر او رظہر میں طوالِ مفصل یعنی سورہٴ حجرات سے سورہٴ بروج تک، عصر اور عشا میں اوساطِ مفصل یعنی سورہٴ بروج سے سورہٴ بینہ تک اور مغرب میں قصار مفصل یعنی سورہٴ بینہ سے سورہٴ ناس تک: عن سیلمان بن یسار عن أبي ہریرة رضي اللہ عنہ قال ما صلّیت وراء أحد أشبہ صلاةً برسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من فلان، قال سلیمان صلیت خلفہ فکان یطیل الرکعتین الأولیین من الظہر ویخفف الأخریین ویخفف العصر، ویقرأ في المغرب بقصار المفصل ویقرأ في العشاء بوسط المفصل ویقرأ في الصبح بطوال المفصل (رواہ النسائی: ۱/۱۵۴)
۲- امام بخاری رحمہ اللہ کا اصلی نام محمد بن اسماعیل بن ابراہیم بن بَردِزْبَہ ہے اور آپ کی کتاب اصح الکتب بعد کتاب اللہ [الجامع الصحیح للبخاری] ہے۔ (۲) امام مسلم رحمہ اللہ کا اسم گرامی مسلم بن حجاج ہے اور کنیت ابوالحسین ہے قشیری قوم سے ہیں اور نیشاپور آپ کاوطن ہے اور آپ کی کتاب [الجامع الصحیح لمسلم]۔ (۳) امام ترمذی رحمہ اللہ کا اسم مبارک محمد بن عیسیٰ بن سورہ بن موسیٰ بن ضحاک ہے اورکنیت ابوعیسیٰ ہے، شہر ترمذ کی طرف نسبت کی وجہ سے ترمذی کے نام سے مشہور ہیں اور آپ کی کتاب کا نام ?سنن ترمذی] ہے۔ (۴) امام ابوداوٴد رحمہ اللہ کا اسم مبارک سلیمان بن اشعث بن اسحاق بن بشیر ہے اور کنیت ابوداوٴد ہے چوں کہ آپ علاقہٴ سجستان کے رہنے والے تھے اس لیے اس کی طرف نسبت کیجاتی ہے اور آپ کی کتاب ہے [سنن ابی داوٴد]۔ (۵) امام نسائی رحمہ اللہ کی کنیت ابوعبدالرحمن ہے اور اسم گرامی ہے احمد بن شعیب بن علی بن بحر بن سنان، چوں کہ آپ خراسان کے ایک شہر [نسا] کے رہنے والے تھے اس لیے نسائی کے نام سے مشہور ہیں اور آپ کی کتاب ہے [سنن نسائی]۔ (۶) امام ابن ماجہ رحمہ اللہ کی کنیت ابوعبد اللہ اوراسم مباک محمد بن یزید بن ماجہ ہے، آپ قزوین کے رہنے والے تھے جو عراق اورفارس کے درمیان میں ایک شہر ہے اور آپ کی کتاب ہے [سنن ابن ماجہ]۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند