• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 175361

    عنوان: تمباکو یا پان کھا کر نماز اداکرنا

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں جیسا کہ آج کے معاشرے میں تمباکو گٹکا بیڑی سگریٹ اور پان خانہ عام ہے اب جیسا کہ آپ سبھی جانتے ہیں کہ ایسی چیزیں تمباکو وغیرہ میں نشہ ہوتا ہے. جو لوگ ان چیزوں کو استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں انہیں تو نسا محسوس نہیں ہوتا اور جو استعمال نہیں کرتے اور کبھی کبھار استعمال میں لے لیں تو انہیں نسا زیادہ اثر کرتا ہے اب مثلا ہم نے تمباکو والا پان گٹکا کھایا یا سگریٹ پی اور نماز کا وقت ہوگیا یا قرآن پڑھنے نے کے لیے بیٹھ گئے تو کیا ایسی حالات میں نماز ادا کی جاسکتی ہے یا قرآن کی تلاوت چھوکر کی جاسکتی ہے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ صرف شراب پی کر نماز ادا نہیں کرسکتے اور شراب پی کر قرآن کی تلاوت بھی نہیں کرسکتے یہ بات کہاں تک صحیح ہے اور کیا غلط ہے ۔ براہ کرم اس کا مدلل اور مفصل جواب عطاء کریں آپ کا احسان عظیم ہوگا۔

    جواب نمبر: 175361

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 393-388/M=05/1441

    تمباکو مضر صحت اور نشہ آور نہ ہو تو گنجائش ہے لیکن بلا ضرورت (شوقیہ) تمباکو گٹکا کھانا اور بیڑی سگریٹ پینا مکروہ تنزیہی ہے اور اِن چیزوں کے استعمال سے منہ میں بدبو پیدا ہو جاتی ہے تو اسی حال میں مسجد جانا فرشتوں کی اذیت کا باعث ہے اس سے بچنا چاہئے، نماز اگرچہ ہو جاتی ہے اور تلاوت بھی لیکن بدبو کی حالت میں نماز و تلاوت مکروہ ہے اور بلا طہارت نماز ادا کرنا اور قرآن کو چھونا جائز نہیں، نشہ شراب پینے سے ہو یا دوسری چیز سے اس حالت میں نماز ادا کرنا منع ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند